بدترین خشک سالی کا خطرہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

بارش کم ہونے کی وجہ سے ڈیموں پر دبائو بڑھا ہے، جن میں پہلے ہی بہت کم پانی دستیاب ہے،چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض

جمعرات 7 جون 2018 17:23

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) گزشتہ 5 ماہ میں کم بارشیں ہونے کی وجہ سے ملک کے اکثر حصے خشک سالی کا شکار ہوچکے ہیں، محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری الرٹ کے مطابق مون سون کی خاطر خواہ بارشیں نہ ہوئیں تو صورتحال مزید بگڑے گی۔جنوری کا مہینہ خشک رہا تو فروری میں بھی بارش بہت کم ہوئی، مارچ، اپریل اور مئی میں بھی خاطر خواہ برکھا نہ برسی، دریائوں اور ڈیموں میں بھی صورتحال بہتر نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق پاکستان میں اب تک معمول سے 45 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے بتایاکہ ملک میں بارش کم ہونے کی وجہ سے ڈیموں پر دبائو بڑھا ہے، جن میں پہلے ہی بہت کم پانی دستیاب ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے اور بہتر مون سون بارشوں کی وجہ سے خشک سالی میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔محمد ریاض نے بتایاکہ چند دنوں سے درجہ حرارت بڑھنے سے دریائوں میں بہائو بہتر ہوا ہے، امید ہے کہ مون سون بارشیں بھی جون کے آخری ہفتے میں شروع ہوجائیں گی۔الرٹ کے مطابق زرعی شعبوں میں پانی کے بہتر استعمال کیلئے صوبائی حکومتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :