نگران وفاقی کابینہ کا 6 فیصد کے قریب جی ڈی پی کی شرح پر اظہار اطمینان

کابینہ کا بیلنس آف پیمنٹ، مالی استحکام سے متعلق معاملات اور سرکاری اداروں کے بہتر انتظام کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور

جمعرات 7 جون 2018 17:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2018ء) نگران وفاقی کابینہ نے چھ فیصد کے قریب جی ڈی پی کی شرح پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔کابینہ نے بیلنس آف پیمنٹ، مالی استحکام سے متعلق معاملات اور سرکاری اداروں کے بہتر انتظام کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ نگران کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں وزیراعظم ناصر الملک کی صدارت میں ہوا۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے اجلاس کو معیشت کی مجموعی صورتحال اور اقتصادی اشاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نگران وزیراعظم نے فنانس ڈویژن کو آنے والی منتخب حکومت کیلئے شعبہ جاتی اصلاحات کی خاطر جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ سیکریٹری داخلہ نے اجلاس کو داخلی سلامتی اور ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے ملک میں آزاد، شفاف اور پرامن انتخابات یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومتوں سے تعاون کے بارے میں وزارت داخلہ کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔