وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت پٹرولیم کے شعبہ سے متعلق بریفنگ اجلاس

جمعرات 7 جون 2018 17:42

وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت پٹرولیم کے شعبہ سے متعلق بریفنگ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت پٹرولیم کے شعبہ سے متعلق بریفنگ اجلاس جمعرات کو یہاں پرائم منسٹر آفس میں ہوا۔ نگران وزیر برائے بجلی بیرسٹر سید علی ظفر، وزیر اعظم کے سیکرٹری سہیل عامر، سیکرٹری پٹرولیم سکندر سلطان راجہ اور دیگر سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سیکرٹری پٹرولیم نے نگران وزیر اعظم کو پٹرولیم کے شعبہ کی صورتحال اور بالخصوص گیس و پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار و طلب کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ملک کی توانائی کی موجودہ ضروریات 79.58 ملین ٹن تیل کے برابر ہیں جو 38 فیصد گیس، 34 فیصد تیل، 06 فیصد ایل این جی اور دیگر وسائل بشمول ایل پی جی، ہائیڈرو اور کوئلہ کے وسائل سے پوری کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری پٹرولیم نے ملک میں گیس اور تیل کے دستیاب ذخائر اور صوبوں میں پیداوار اور استعمال کی صورتحال کا جائزہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ملک میں گیس صارفین کی تعداد 88 لاکھ ہے اور ان میں تقریبا پانچ لاکھ سالانہ کا اضافہ ہو رہا ہے، مقامی پیداوار میں کمی کے پیش نظر ایل این جی کی ضرورت جو اس وقت ایک ہزار ایم ایم سی ایف ڈی ہے 2030 تک 3600 ایم ایم سی ایف ڈی ہو جائے گی۔

سیکرٹری پٹرولیم نے گیس کی فروخت کے نرخوں سمیت پٹرولیم کے شعبہ سے متعلق مختلف مسائل کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نگران حکومت کے دائرہ اختیار کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے علاوہ پٹرولیم سے متعلق مسائل کے حل کے لئے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جانی چاہیے جو آئندہ منتخب حکومت کے بھی کام آسکے۔