بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے حلقہ این اے 246 لیاری سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

بھٹو ہی جمہوریت کا دفاع کر سکتا ہے، پارلیمانی سیاست میں بھٹو ہو گا تو پاکستان کا بہتر دفاع بھی ہوگا،چیئرمین پیپلزپارٹی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات جون 18:11

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے حلقہ این اے 246 لیاری سے کاغذات نامزدگی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے حلقہ این اے 246 لیاری سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔ بلاول بھٹونے کہاکہ بھٹو ہی جمہوریت کا دفاع کر سکتا ہے، پارلیمانی سیاست میں بھٹو ہو گا تو پاکستان کا بہتر دفاع بھی ہوگا۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سٹی کورٹ آمد سے قبل سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے لیاری کے حلقے این اے 246 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ان کے قانونی مشیرسابق وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک بلاول بھٹو کے کورنگ امیدوار ہوںگے۔بلاول بھٹوسٹی کورٹ پہنچے تو جیالوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال پرجوش نعروں سے کیا کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد بلاول بھٹونے لیاری کا طوفانی دورہ کرکے جیالوں کوگرما دیا ۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو لیمارکیٹ، چاکیواڑہ، بغدادی اور اطراف کی آبادیوں میں پہنچے تو انہیں دیکھ کرلیاری کے لوگ سڑکوں پرنکل آئے اور جئے بھٹو کے نعرے بلند کیے ،،پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی، وقار مہدی، راشد ربانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں سٹی کورٹ میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگوکرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی سیاست میں قدم رکھنے کی پہلی منزل کو اپنے خوشی کا لمحہ قراردیا، بلاول بھٹونے کہاکہ خوشی کے اس لمحہ میں وعدہ کرتاہوں کہ شہید بینظیر بھٹو کا مشن مکمل کروں گا، انہوں نے کہاکہ بھٹو ہی جمہوریت کا دفاع کر سکتا ہے، پارلیمانی سیاست میں بھٹو ہو گا تو پاکستان کا بہتر دفاع ہو گا،،پاکستان کے عوام کی خدمت ہی ہمارا اصل مقصد ہے۔

انہوں نے استقبال کرنے والوں کارکنان اورپارٹی رہنمائوں کا شکریہ بھی اداکیا۔ بلاول بھٹو نے لاڑکانہ کی نشست این اے 200 سے بھی کاغذاتِ نامزدگی حاصل کیے ہیں جمعرات کوانہوں نے کراچی کے علاقے لیاری کی نشست این اے 246 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے بلاول بھٹو کے علاوہ بلاول کی چھوٹی بہن آصفہ بھٹو نے بھی لاڑکانہ سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں تاہم انھوں نے یہ کاغذات صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 10 رٹو ڈیرو سے حاصل کیے ہیں ان کی بہن آصفہ بھٹو جو سیاسی طور پر بڑی باشعور ہیں وہ لاڑکانہ میں بلاول کی کورنگ امیدوار ہونگی بلاول اور آصفہ کے پارلیمانی سیاست میں قدم رکھنے سے متعلق سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ بھٹو خاندان کی تیسری نسل پارلیمانی سیاست میں قدم رکھ رہی ہے جب بھی کوئی بڑا یا کرشماتی رہنما عملی سیاست میں آتا ہے تو اس سے اسکی پارٹی کو ضرور فائدہ ہوتا ہے دوسری جانب الیکشن کی مہم کا آغاز ہوتے ہی بلاول کے لیے سیاسی مخالفین نے بھی سر اٹھانا شروع کر دیا ہے جس سے نمٹنے کے لیے بلاول بھٹوزرداری تیارہیں۔