نوجوان صنعتکار علائو الدین مری بلوچستان کے نگران وزیراعلی نامزد

جمعرات جون 18:11

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) بلوچستان کے قبائلی اور نوجوان ممتاز صنعت کار علائو الدین مری کو چیف الیکشن کمیشن نے بلوچستان کا 17واں نگراں وزیراعلی نامزد کرنے کا اعلان کردیا ہے ،وہ سابقہ بیوروکریٹ اور پی اینڈ ڈی کے سیکرٹری غلام محی الدین مری کے صاحبزادے ہیں ،وہ مستونگ کے علاقے کلی اشکنہ میں پیدا ہوئے ،نگراں وزیراعلی نے نے ابتدائی تعلیم تعمیر نو اسکول کوئٹہ سے حاصل کی اور یونیورسٹی آف خضدار انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے بی اے کی ڈگری حاصل کی ،،تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے اپنا ذاتی کاروبار شروع کیا اور اب بھی وہ اپنے کاروبار سے منسلک ہے ،2018میں سینیٹ کے الیکشن میں انہوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے جو بعد میں انہوں نے واپس لے لئے تھے ،نگراں وزیراعلی کی عمر اس وقت 38سال ہے ،وہ خاموش طبیعت کے مالک ہیں،،بلوچستان کی صوبائی اسمبلی اور مخلوط حکومت 31مئی کو تحلیل ہوگئیں تھی جس کے بعد سابق وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ،اور سابقہ اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال کو تین جو ن تک نئے نگراں وزیراعلی کیلئے کسی ایک امیدوار کے نام پر اتفاق کرنا تھا مگر دونوں طرف سے ڈیڈ لاک تھا ،حکومت کی جانب سے علائو الدین مری ،سردار شوکت پوپلزئی کا نام سامنے آئے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے جہانگیر قاضی اور سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی اسلم بھوتانی کا نام آیا جس پر اتفاق رائے نہ ہوسکا ،جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئیں ،حکومت کی جانب سے سابقہ وزراء امان اللہ نوتیزئی ،طاہر محمود اور سرفراز ڈومکی کو پارلیمانی کمیٹی میں شامل کیا گیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سابق وزرائے اعلی نواب ثناء اللہ زہری ،،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور رکن صوبائی اسمبلی آغا لیاقت کو شامل کیا گیا تھا ،سابق وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کا بائیکا ٹ کیا گیا کیونکہ انکے بقول بلوچستان نیشنل پارٹی ،،جمعیت علماء اسلام ،بی این پی (عوامی ) ودیگر سیاسی جماعتوں نے پارلیمانی کمیٹی پر اعتراض کیا تھا کہ انکو اعتماد میں لئے بغیر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس پر حکومت پارلیمانی کمیٹی کا بائیکاٹ کا اعلان کرتی ہے ،اسپیکر بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے آخر کار حکومت کے دوارکان علائو الدین مری اور سردار شوکت پوپلزئی اور اپوزیشن کی جانب سے جہانگیر قاضی اور سابق اسپیکر اسلم بھوتانی کے نام چیف الیکشن کمیشن کو بدھ کے روز بھیج دیئے گئے تھے،چیف الیکشن کمیشن کی صدارت میں اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اتفاق رائے سے علائو الدین مری کو بلوچستان کا نیا اور 17واں نگراں وزیراعلی نامزد کرنے کااعلان کیا ہے ،توقع ہے آئندہ 24گھنٹے سے قبل علائو الدین مری بلوچستان کے نگراں وزیراعلی کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے ،،بلوچستان کے نگران وزیراعلی کے نامزدگی کے بعد صوبائی کابینہ کے 6ناموں پر بھی غور شروع ہوگیا ہے۔