لاڑکانہ ،عام انتخابات کے حوالے سے نامزدگی فارم وصول کرنے اور جمع کروانے کا سلسلہ جاری

جمعرات 7 جون 2018 18:18

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) 25 جولائی پر ملک بھر میں منعقدہ ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے نامزدگی فارم وصول کرنے اور جمع کروانے کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا۔ لاڑکانہ میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سابق سینیئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو ریلی کی صورت میں مرد و خواتین کارکنان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت پہنچے جہاں انہوں نے لاڑکانہ شہر کے صوبائی حلقے پی ایس 11 لاڑکانہ ون سے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اپنے رٹرننگ افسر تھرڈ سول جج اینڈ جڈیشل مجسٹریٹ ظفر اللہ جکھرانی کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

نثار احمد کھوڑو کی آمد کے موقع پر جیالوں نے جیئے بھٹو، جیئے بلاول بھٹو زرداری، جیئے بے نظیر بھٹو سمیت نثار احمد کھوڑو کی حق میں زبردست نعریبازی بھی کی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سابق رکن سندھ اسمبلی خورشید احمد جونیجو نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 201 لاڑکانہ ٹو اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 12 کے لیے متعلقہ رٹرننگ افسران کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ علاوہ ازیں سندھ ملاح فورم کے رہنما علی مراد میرانی اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنما ڈاکٹر مظہر مغل، لاڑکانہ عوامی اتحاد اور انڑ اتحاد کے رہنما عادل خان انڑ نے پی ایس 13 جبکہ دیگر امیدواروں کی جانب اپنے کاغذات نامزدگی متعلقہ رٹرننگ افسران کے پاس جمع کروائے۔