شہید امجد صابری کی دوسری برسی کے سلسلے میں محفل سماع کا اہتمام

جمعرات 7 جون 2018 18:25

شہید امجد صابری کی دوسری برسی کے سلسلے میں محفل سماع کا اہتمام
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) شہید امجد صابری کی دوسری برسی کے سلسلے میں نیشنل سیلنگ کلب میں سوفی لانچنگ کے موقع پر محفل قوالی کا اہتمام کیا گیا۔ ڈی کے ایونٹس کے زیرِ اہتمام ہونے والے اس پروگرام کی نظامت کے فرائض فیضان حق نے انجام دیے۔ شہید امجد صابری کے اہلخانہ سرور صابری، عظمت صابری، طلحہ صابری، سعدیہ رضا نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

قوال زمان زکی، افضل صابری، نوید، جمشید برادرز، عظیم علی ، راحیل علی برادرز نے اپنا کلام پیش کرکے سماع باندھ دیا۔ اس موقع پر شہید امجد صابری کی کمی کوشدت سے محسوس کیا گیا اور ان کے کلام پر شرکاء محفل آبدیدہ ہوگئے۔ ڈی کے ایونٹس کے چیف ایگزیکٹو دانش خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں قوالی کے فروغ کیلئے بھرپور کوششیں کریں گے۔

(جاری ہے)

مرحوم حاجی غلام فرید نے قوالی کی ترقی و ترویج کیلئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اس سلسلے میں شہید امجد علی صابری کے کردار کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ سرور صابری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں قوالی کو بھرپور پذیرائی دی جاتی ہے مگر بدقسمتی سے ملک میں قوالوں کو وہ مقام حاصل نہیں ہے جو ان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفی ازم کے فروغ کیلئے بھرپور جدوجہد کی ضرورت ہے۔

پیر طریقت سید محمد نعیم شاہ نے کہا کہ فن قوالی میں شہید امجد صابری کا کوئی ثانی نہیں تھا۔ ان کا پیش کیا گیا کلام لوگوں کی زبان زد عام ہے۔ اس موقع پر عمران حسن، محمد جان صدیقی، عبدالرحمان، دلشاد، احمد چنائے، فرزانہ خان، کشان، مصطفیٰ، اکمل، عمیر و دیگر سیاسی و سماجی رہنمائوں، تاجر برادری اور عمائدین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔