ماہِ رمضان المبارک میں گراں فروشوں کی مکمل اجارہ داری اور سرکاری اداروں کی افسوسناک ناکامی تشویشناک ہے ،عتیق میر

عوام مکمل طور پر سبزی اور پھل فروشوں کے رحم و کرم پر رہے،سبزی و پھلوں کی مصنوعی مہنگائی نے روزہ داروں کو سخت پریشانی میں مبتلاء رکھا،چیئرمین کراچی تاجر اتحاد

جمعرات 7 جون 2018 18:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے ماہِ رمضان المبارک میں گراں فروشوں کی مکمل اجارہ داری اور سرکاری اداروں کی افسوسناک ناکامی اور پسپائی کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہِ رمضان میں عوام مکمل طور پر سبزی اور پھل فروشوں کے رحم و کرم پر رہے،سبزی و پھلوں کی مصنوعی مہنگائی نے روزہ داروں کو سخت پریشانی میں مبتلاء رکھا، رمضان المبارک کی آمد پر مہنگائی کی روک تھام کے سارے حکومتی انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے،ضروری تھا کہ خوردہ فروشوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ تھوک فروشوں کو بھی آڑھے ہاتھوں لیا جاتا، مصنوعی مہنگائی کے درخت کے پتے توڑنے اور جڑیں چھوڑنے سے مسئلہ کبھی حل نہیں ہوگا، آج پریس ومیڈیا کو جاری کی گئی ایک رپورٹ میں انھوں نے کہا کہ حسبِ سابق رسمی طور پر قائم کی گئیں پرائس کنٹرول کمیٹیاں صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنے میں ناکام رہیں، سبزیوں و پھلوں کی سرکاری قیمتوں کے تعین میں عجلت اور عدمِ واقفیت کا عنصر نمایاں رہا، سرکاری طور پر جاری کردہ فہرستوں میں بعض پھلوں کی قیمتیں غلط مقرر کی گئیں اور صارف کے بجائے ریٹیلر کو فائدہ پہنچایا گیا، انھوں نے کہا کہ پھلوں کی قیمتوں کے تقرر میں محض خانہ پُری کی گئی اور ریٹیل قیمتوں کی فہرستوں کی تیاری میں فروٹ منڈی کی قیمتیں نظرانداز کی گئیں، انھوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کا مضبوط مافیا جرمانوں اور گرفتاریوں کی پرواہ کیئے بغیر اپنی من مانیوں میں مصروف رہا، اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے کیئے گئے جرمانے گراں فروشوں نے اضافی قیمت کی صورتمیں صارفین سے ہی وصول کرلیئے، انھوں نے کہا کہ جب تک فروٹ منڈیوں میں موجود موقع پرست آڑھتیوں اور گراں فروشوں کے خلاف مئوثر حکمت عملی کے تحت سخت ترین کارروائی نہیں ہوگی مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ آئیندہ بھی ممکن نہیں ہوسکے گا، مستقبل میں کسی بھی قانونی کارروائی کے مثبت نتائج کے حصول کیلئے سبزی منڈی میں موجود مصنوعی مہنگائی کے طاقتور عفریت کے خلاف سخت ترین کریک ڈائون کرنا ہوگا، انھوں نے صارفین کے حقوق کے تحت سرگرم عمل تمام تنظیموں اور سرکاری طور پر کی جانیوالی تمام تر کوششوں کو مکمل طور پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ قیمتوں کے تعین اور گراں فروشوں کی من مانیوں کی روک تھام کے خلاف ہر رمضان المبارک کی آمد پر حکمت عملی کا غیرمئوثر ڈرامہ رچایا جاتا ہے جس کا عوام کو کبھی کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکا، حکومتی ادارے عوام کے جائز حقوق پر ڈالنے والے عناصر کے خلاف اپنی رٹ قائم کرنے میں ناکام ہیں، انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موقع پرست عناصر انتہائی دیدہ دلیری اور بے خوفی سے رحمتوں کے مہینے کو عبادت گذاروں کیلئے زحمتوں کا مہینہ بنادیتے ہیں جس کا پریس و میڈیا پر ہونے والا چرچا ساری دنیا میں پاکستان کے مسلمانوں کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے جبکہ یہ مذموم عمل مذہبِ اسلام کی بھی بیحرمتی کا باعث ہے۔