چیئرمین ریلویز جاوید انور کی اپنی وزارت میں پاکستان ائیر فورس کے وفد سے ملاقات ،ْ پی اے ایف کی سائیڈنگ کی بحالی پر گفتگو

جمعرات 7 جون 2018 18:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) چیئرمین ریلویز جاوید انور نے اپنی وزارت میں پاکستان ائیر فورس کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی ائیر وائس مارشل عامر مسعود کررہے تھے۔ پاکستان ریلوے کی معاونت میں پی اے ایف کی سائیڈنگ کی بحالی زیر بحث آئی۔ جون 2016ء میں پی اے ایف نے 3 مقامات پر سائیڈنگ کی بحالی کیلئے ریلوے سے درخواست کی تھی جس کے نتیجے میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ بیس کیلئے 1.10 کلومیٹر کا ایک نیا ٹریک تعمیر کیا جائے گا۔

اس مقصد کیلئے 57 فیصد مٹیریل پہنچا دیا گیا اور یہ منصوبہ مارچ 2019ء تک مکمل ہو جائے گا۔ دوسرے بیس کے لئے 5.10 کلو میٹر طویل ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائے گا جس کیلئے 80 فیصد مٹیریل پہنچا دیا گیا ہے اور یہ منصوبہ 2018ء میں مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تیسرے ائیر بیس کیلئے ایک اور ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائیگا جس کی لمبائی 5.10 کلو میٹر ہے اور یہ بھی دسمبر 2018ء میں مکمل ہوگا۔

ان ٹریکس پر تعمیر ہونے والے پلوں کے ڈیزائن اور زمینی تحقیقات پہلے سے ہی کی جا چکی ہیں۔ چیئرمین ریلوے نے کہا کہ ان ٹریکس پر پلوں کی تعمیر اور ان کے ڈیزائن ترجیحات میں شامل ہیں۔ ملاقات میں سیکریٹری ریلوے بورڈ تیمورگلزئی، مظہر علی شاہ، ڈی جی پلاننگ، ڈی جی ٹیکنیکل منور علی شاہ اور ممبر فنانس فیصل اسماعیل بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :