Live Updates

آئندہ عام انتخابات 2018 ء کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت (کل) ختم ہوجائیگی

جمعرات 7 جون 2018 18:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) آئندہ عام انتخابات 2018 ء کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت (کل)جمعہ کو ختم ہوجائیگی ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے ترمیم شدہ جاری شیڈول کے تحت چوتھے روز بھی ریٹرننگ افسران سے مختلف امیدواروں اور ان کے نمائندوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بعض حلقوں میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کاسلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، مریم نواز شریف سمیت دیگر اہم رہنمائوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمعہ کو جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔ مختلف علاقوں سے ریٹرننگ افسران سے خواجہ سرائوں کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جون مقرر کی گئی ہے جس کے بعد 14 جون تک ان کی جانچ پڑتال کی جائے گی ۔

ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 19 جون تک دائر ہوں گی۔ ایپلٹ ٹربیونل کی جانب سے یہ اپیلیں 26 جون تک نمٹائیں جائیں گی جس کے بعد امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 27جون کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی 28 جون کو واپس لئے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشان 29 جون کو الاٹ کئے جائیں گے اور پولنگ 25 جولائی کو ہو گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات