سپریم کورٹ نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگنے کے واقعات سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ملتوی کر دی

جمعرات 7 جون 2018 18:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) سپریم کورٹ نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگنے کے واقعات سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر گزشتہ تین ماہ میں پانچ بار آگ لگ چکی ہے اگراس کاتدارک نہ کیا گیا توآگ لگنے کے ان واقعات سے جنگلات تباہ ہوجائینگے۔ جمعرات کوچیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت کے استفسارپرسی ڈی اے حکام نے عدالت کوآگاہ کیا کہ مارگلہ کی پہاڑیوں پرجب بھی آگ لگتی ہے اسے بجھا نے کاکام شروع کردیا جاتاہے، تاہم ہمارے پاس آگ بھجانے کے مکمل آلات نہیں ، دوسری وجہ آگ کی وجوہات حادثاتی یا بد نیتی کی بھی ہو سکتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ دنیا کے دوسرے ملکوں میں بھی جنگلات میں آگ لگتی ہے جس کو بجھانے کے لئے جدید آلات استعمال ہوتے ہیں، ہیلی کاپٹر سے آگ بھجانے کے طریقہ کار کے بارے عدالت کوآگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دورا ن سول سوسائٹی کے نمائندے نے پیش ہوکرکہاکہ مارگلہ کی پہاڑیوں پرآگ لگنے کے بعد سی ڈی اے نے ایکشن نہیں لیا تاہم ایک ہفتے بعد آئی ایس پی آر نے نوٹس لیا اورہیلی کاپٹر کے ذریعے آگ بجھانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں عدالت نے مارگلہ ہلز پرآگ لگنے اوراسے بجھانے اوراس سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی ۔