لاہور ہائیکورٹ ، پنجاب بینک کے صدر کو عہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست پرحکومت پنجاب کو نوٹس جاری ، جواب طلب کر لیا گیا

جمعرات 7 جون 2018 19:37

لاہور ہائیکورٹ ، پنجاب بینک کے صدر کو عہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست ..
لاہور۔7 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بینک کے صدر نعیم الدین خان کو عہدے سے ہٹانے کے لئے دائر درخواست پرحکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل عامر سعید راںنے موقف اختیار کیا کہ صدر پنجاب بینک کی ڈگری جعلی ہے،انہیں طریقہ کار کے برعکس سیاسی بنیادوں پر تعینات کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ صدر پنجاب بینک نے غیر قانونی سرمایہ کاری کے ذریعے سرکاری خزانے کو آٹھ ارب روپے کا نقصان پہنچایا، انہوں نے بتایا کہ صدر بینک آف پنجاب کی مدت مکمل ہونے کے باوجود غیر معینہ مدت کے لئے غیر قانونی توسیع دے دی گئی، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پنجاب بینک کے صدر نعیم الدین خان کو عہدے سے برطرف کرے، حکومت پنجاب کے وکیل نے جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت بیس جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔