مون سون سیز ن کے آغاز پرجنگلی جھاڑیوں کو ختم کرنے کے اقدامات کئے جائیں، ہیلتھ آفیسر

جمعرات 7 جون 2018 19:44

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عامر شہزاد نے کہا ہے کہ محکمہ اوقاف تمام مساجد جہاں عید الفطر کی نماز پڑھائی جا ئیگی کی لسٹ فراہم کرے تاکہ ا ن کی ڈینگی کے حوالے سے چیکنگ کی جا سکے اور ان کو ڈینگی فری قرار دیا جاسکے۔ انہوںنے کہاکہ مون سون سیز ن کے آغاز سے پہلے جنگلی جھاڑیوں کی شناخت اور ان کے تدارک کے اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں قبرستانوں اور خالی پلاٹوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ وار انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، زراعت، اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔ ڈاکٹر عامر شہزاد نے کہا کہ جنگلی جھاڑیاں ڈینگی لاروا اور مچھر کیلئے محفوظ پناہ گاہیں ہوتی ہیں اور بارش کی موسم میں ان جھاڑیوں میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ انڈور سرویلنس کے ساتھ ساتھ آئوٹ ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے اور انسداد ڈینگی مہم کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے ضروری ہے کہ تمام محکمے مل جل کر تعاون سے کام کریں اور محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے نگرانی کا جامع طریقہ کار وضع کیا جائے۔