اسٹیو روہڈز بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر ہو گئے

جمعرات جون 19:54

اسٹیو روہڈز بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر ہو گئے
ڈھاکہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) سابق انگلش وکٹ کیپر اسٹیو روہڈز بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر ہو گئے، معاہدے کے تحت روہڈز 2020ء میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ تک ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ گزشتہ برس اکتوبر سے چندیکا ہتھورو سنگھا کے مستعفی ہونے کے بعد نئے کوچ کی تلاش میں مصروف تھا، روہڈز کی تقرری کے بعد اس کا آٹھ ماہ کا طویل انتظار بھی ختم ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق گیری کرسٹن نے اسٹیوروہڈز کو کوچ بنانے کی سفارش کی تھی، جمعرات کو روہڈز کا انٹرویو لیا گیا جس میں انہوں نے پریزینٹیشن کے دوران بنگلہ دیشی ٹیم کی بہتری کیلئے دو سالہ پلان دیا، انٹرویو کے تین گھنٹوں بعد بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے باضابطہ طور پر روہڈز کو ٹیم کا نیا کوچ بنانے کا اعلان کیا۔ اسٹیو روہڈز نے اپنے بیان میں کہا کہ گیری کرسٹن نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو کوچ کیلئے میرا نام دیا جس پر مجھے فخر ہے اور میں ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہوں۔ روہڈز اگلے ہفتے 54 برس کے ہو جائیں گے اور انہیں 11 ٹیسٹ اور 9 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں انگلش ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔