چیف جسٹس نے چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست خارج کر دی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات جون 18:42

چیف جسٹس نے چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست خارج کر دی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 جون۔2018ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے چیئرمین نیب جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست خارج کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے چیئرمین نیب کوعہدے سے ہٹانے کے لیے نون لیگ کی درخواست پر ان چیمبرسماعت کی اور چیئرمین نیب جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست خارج کر دی۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ نون کے راہنما نور اعوان نے بھارت منی لانڈرنگ کے معاملے پر چیئرمین نیب کیخلاف اپیل دائر کی تھی، جسے رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا کر واپس کر دیا تھا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ نواز شریف سے متعلق نیب کی جھوٹی خبر سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے، نیب اعلامیہ اور بعد کے واقعات چیئرمین نیب کی نواز شریف سے متعلق منفی سوچ کے عکاس ہیں‘ انہیں عہدے سے ہٹانا ناگزیز ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے استدعا کی کہ جھوٹی پریس ریلیز جاری کرنے پر نیب نواز شریف سے معافی مانگے۔یاد رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر 4.9 ارب روپے کی رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت بھجوانے کے الزام کی تحقیقات کا حکم دیا تھا جس پر مسلم لیگ نون نے سخت احتجاج کیا۔نیب ترجمان کا موقف تھا کہ نوازشریف پررقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت بھجوانے کا الزام ہے، ورلڈ بینک مائیگریشن اینڈ رمیٹنس بک 2016 میں ذکر موجود ہے، رقم بھجوانے سے بھارت کے غیرملکی ذخائربڑھے اور منی لانڈرنگ سے رقم بھجوانے پر پاکستان کونقصان اٹھانا پڑا۔

اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کے لئے چیئرمین نیب کو طلب کرنے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ میاں نواز شریف کی جانب سے چیئرمین نیب سے 24 میں معافی مانگنے، بہ صورت دیگر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔