الیکشن کمیشن:کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع

امیدوارکاغذات نامزدگی اب11جون تک جمع کرواسکیں گے،تاہم الیکشن25 جولائی کوہی ہوں گے۔الیکشن کمیشن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 7 جون 2018 18:47

الیکشن کمیشن:کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جون 2018ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کردی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدوارکاغذات نامزدگی اب 11جون تک جمع کرواسکیں گے، تاہم الیکشن 25 جولائی کو ہی ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کردی ہے۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور آزادامیدواروں کوکاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے اب 11جون تک کی توسیع دے دی ہے۔اس سے قبل الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 8 جون مقرر کی تھی۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اب سیاسی جماعتوں کی سہولت کیلئے تاریخ میں توسیع کررہے ہیں۔الیکشن کمیشن نے اس کے ساتھ ہی واضح کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات 2018ء کا انعقاد 25 جولائی کو ہی یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے لاہورہائیکورٹ کے کاغذات نامزدگی فارم میں تبدیلی کے فیصلے پر سپریم کورٹ نے سردار ایازصادق کی اپیل پرحکم دیا تھا کہ امیدواروں کے لازم ہے کہ وہ نامزدگی فارم کے ساتھ بیان حلفی کا فارم بھی ساتھ لگائیں۔جس پرالیکشن کمیشن پاکستان نے بیان حلفی کا متن تیارکیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق اب بیان حلفی میں وہ تمام معلومات شامل ہوں گی جو نئے فارم میں نہیں۔

امیدوار کودہری شہریت اور ٹیکس سے متعلق معلومات بھی دینا ہوں گی۔بتانا ہوگا کہ امیدوار بینک یا مالیاتی ادارے کا نادہندہ تو نہیں ہے۔بیان حلفی کے متن میں ذاتی معلومات بھی شامل کی جائیں گی۔اسی طرح بیان حلفی میں اقامے،بیرون ملک دوروں اور مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے ساتھ تعلیم اور پیشہ بھی بیان حلفی کا حصہ ہوں گے۔پیسہ نہ دے کر ٹکٹ لینے کا بھی پیراگراف شامل ہے۔امیدوار آرٹیکل 62،63پر پورا اترنے کا حلف نامہ بھی دے گا۔