ضلع بٹگرام کی تینوں نشستوں پرایم ایم اے کے امیدوار کامیاب ہوں گے،قاری محمد یوسف

جمعرات جون 19:54

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) سابق رکن قومی اسمبلی قاری محمد یوسف اور فیاض خان ایڈووکیٹ نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ایم اے کی بحالی کے بعد بٹگرام کی تینوں سیٹوں پر ان کے ہی امیدوار کامیاب ہوں گے۔ حلقہ این اے 12 سے دو نام مرکز کو بھیجے گئے ہیں جس میں ایک نام ان کا جبکہ دوسرا مولانا رشید احمد کا ہے۔

پی کے 28 سے ایک نام شاہ حسین کا بھیجا گیا ہے۔ پی کے 29 سے بھی دو نام بھجوائے گئے ہیں جن میں فیاض خان ایڈووکیٹ اور مولانا فریدالدین کے نام شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

قاری محمد یوسف نے مزید کہا کہ مرکزی قیادت جس کو بھی پارٹی ٹکٹ دے گی ہم سب مل کر اسے کامیاب بنانے کیلئے تن من دھن کا زور لگائیں گے ، اگر پارٹی ٹکٹ مولانا رشید احمد کو ملتا ہے تو وہ دن رات ان کی کامیابی کیلئے کردار ادا کریں گے۔

بعض شرپسند عناصر جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے ایم ایم اے کے بجائے اپنی اپنی جماعتوں کے کارکنان کو زبردستی مجبور کروا رہے ہیں ۔انہوں نے ایم ایم اے میں شامل تمام جماعتوں کے کارکنوں پر زور دیا کہ سب مل کر ایم ایم اے کی کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں