Live Updates

عمران خان کا کراچی سے بھی انتخاب لڑنے کا اعلان

این اے243کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 7 جون 2018 18:54

عمران خان کا کراچی سے بھی انتخاب لڑنے کا اعلان
اسلام آباد/کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 جون۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آئندہ عام انتخابات کے لیے کراچی کے حلقہ این اے 243 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔تحریک انصاف کے راہنما اسد عمر نے کہا کہ عمران خان ملک کے مختلف حصوں سے چار سے پانچ حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ 2013 کے عام انتخابات میں عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 1 (پشاور2)، این اے 56 (راولپنڈی7)، این اے 71 (میانوالی1) اور این اے 126 (لاہور9) سے حصہ لیا تھا۔

عام انتخابات 2018 کے لیے کراچی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے لیے مرکز نگاہ بنا ہوا ہے، پیپلز پارٹی کے اعلیٰ سطح کے راہنما بلاول بھٹو زرداری، آصف زرداری اور آصفہ بھٹو بھی کراچی سے الیکشن لڑیں گے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ عمران خان نے عام انتخابات سے قبل کراچی کے لیے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا تھا، جس میں توانائی، ہسپتالوں، تعلیم، پولیس اور دیگر شعبوں میں بہتری کے نکات شامل تھے۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیوایم کے راہنماءحیدر عباس رضوی کو سیاسی طور پر سرگرم ہونے کی اجازت نہیں ملی ‘حیدر عباس رضوی کو این اے 243 سے عمران خان کے خلاف الیکشن لڑانے کا فیصلہ ہوا تھا۔حیدرعباس رضوی کی اچانک کینیڈا سے آمد اور روانگی کی ساری کہانی یہ ہے کہ کاغذات نامزدگی میں دہری شہریت کا کالم نہ ہونے کا فائدہ اٹھانے کا سوچا گیا تھا جبکہ دہری شہریت سے متعلق حلف نامہ جمع کرانے کا فیصلہ حیدر عباس رضوی کی آمد کے بعد آیا تاہم ان کی گرفتاری کا خدشہ پیدا ہوجانے پر انہیں واپس جانا پڑا۔

دوسری جانب رہنما ترجمان ایم کیوایم پاکستان فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ حیدر عباس والدہ کی ناساز طبیعت کے باعث وطن واپس آئے، انہوں نے کل رات والدہ کی عیادت کی اور عیادت کے بعد وہ واپس دبئی روانہ ہوگئے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ رات پریس کانفرنس خالد مقبول صدیقی نے کرنا تھی، حیدر عباس رضوی نے نہیں۔یاد رہے کہ حید رعباس رضوی گذشتہ رات کینیڈا سے واپس کراچی آئے اورایئرپورٹ سے سیدھے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پہنچے جبکہ ان کی آمد پر بعض حلقوں سے اعتراض بھی سامنے آیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات