Live Updates

زرمبادلہ کے ذخائر اور روپے کی قدر میں کمی، ملکی قرضوں میں ہوش ربا اضافہ ترقی کے دعویداروں کی قلعی کھولنے کیلئے کافی ہے‘یاسمین راشد

پی ٹی آئی اقتدار میں آ کر عوام کی دہلیز پر تمام بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی ہم نعروں دعووں کی سیاست نہیںکرتے ‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 7 جون 2018 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ شریفوں کی کرپشن زدہ سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے، ڈرامہ بازی کیلئے ایک منصوبے کا 4،4بار افتتاح کرنے والے عوام کو مزید بے وقوف نہیں بناسکتے، زرمبادلہ کے ذخائر اور روپے کی قدر میں کمی، ملکی قرضوں اشیاء صرف کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ترقی کے دعویداروں کی قلعی کھولنے کیلئے کافی ہے۔

وہ الیکشن کمیشن کے باہر این اے 125کے کاغذات جمع کروانے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہی تھی ۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کا بنیادی مشن ناانصافی، کرپشن، معاشی ناہمواری سے فرسودہ نظام کی تبدیلی ہے تحریک انصاف کی طرف سے کھڑے ہونے والے امیدوار محب وطن مخلص اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے والے جذبہ سے معمور ہیں ، پی ٹی آئی اقتدار میں آ کر عوام کی دہلیز پر تمام بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی ہم نعروں دعووں کی سیاست نہیںکرتے بلکہ عملی طورپر خدمت کرتے ہیں ہم ایک ترقیاتی انقلاب لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی حاصل کرکے گزشتہ 5برسوں تک اقتدار میں رہ کر قوم کو لوٹنے والوں کا یوم حساب دور نہیں 25جولائی پی ٹی آئی کی جیت کا دن ہے پوری قوم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے کرپٹ عناصر اقتدار کے ایوانوں میں نہیں جیل جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات