متوقع سیلابوں سے پیش آنے والی صورتحال کے پیش نظرتمام ڈپٹی کمشنروں کوہدایت جاری

جمعرات 7 جون 2018 20:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) موسمی حالات میں اچانک رونما ہونے والی تبدیلیوں جیسے بڑھتی ہوئی گرمی ،گلیشیئرز کاپگھلاؤ اور برسات میں متوقع سیلابوں سے پیش آنے والی صورتحال کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ دوست محمد خان نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ قدرتی آفات سے ہنگامی طورپر نمٹنے کے لئے تیاری کے سلسلے میںفوری اجلاس بلائیں تاکہ 2018 کے عام انتخابات کے لئے پہلے سے تیار کردہ سرگرمیوں کاتسلسل یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

وسائل کی دستیابی کو یقینی بناکر غلطیوں سے پاک جامع منصوبہ تشکیل دیں اورضرورت پڑنے پر متبادل آپشن کو استعمال میں لایا جاسکے۔ تمام ڈپٹی کمشنروں سے کہاگیا ہے کہ کسی بھی غیر متو قع صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ انتظامیہ کے پاس مناسب مشینری اور آلات کی دستیابی کے ساتھ ساتھ تکنیکی وغیرتکنیکی انسانی وسائل کی موجودگی بھی یقینی بنائی جائے اوران کا کردار اور ذمہ داریاں پہلے سے ہی متعین ہونی چاہیئیں ۔اسی طرح محکمہ صحت کے عملے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاررہنے کے سلسلے میں بھی خبر دار اورالرٹ کیاجائے۔ یہ ہدایا ت چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے دفتر سے تمام ڈپٹی کمشنروں کو جاری کی گئیں۔