کوہا ٹ پولیس نے سٹریٹ کرائمز ،رہزنیوں ،چوریوں اور موبائل ودیگر قیمتی اشیاء چھیننے کی وارداتوں میں ملوث نیٹ ورک کی2ارکان کو گرفتار کرلیا

جمعرات 7 جون 2018 20:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) کوہا ٹ پولیس نے سٹریٹ کرائمز ،رہزنیوں ،چوریوں اور موبائل ودیگر قیمتی اشیاء چھیننے کی وارداتوں میں ملوث نیٹ ورک کی2ارکان کو گرفتار کرلیا ہے۔زیر حراست افراد کے قبضے سے موٹر کار اور لوٹی گئی نقدی و موبائل فون سیٹس بھی برآمد کرلئے گئے ہیں۔ملزمان کو پوش علاقہ کے ڈی اے میں دکان کے اندر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنانے کی کاروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔

بین الصوبائی نیٹ ورک میں شامل زیر حراست ملزمان نے ملک کے مختلف شہروں میںساتھیوں کیساتھ ملکرلوگوں کو لوٹنے کی درجنوں وارداتیں برپا کرنے کا اعتراف جرم کیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں کی اطلاع پر بروقت کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل کریمان علی نے اے ایس آئی عارف خان اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ شہر کی فیشن ایبل بستی کے ڈی اے کی گیٹ نمبر2میں اچانک چھاپہ مارا جہاں دودھ فروش کی دکان میں گھس کر اسلحہ کی نوک پر لوگوں کو لوٹنے والے دو افراد طارق حسین ولد شریف حسین اور یاسین ولد قیوم ساکنان توحید کالونی پشاور کو گرفتار کرلیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے موقع واردات سے ملزمان کی زیر استعمال موٹر کار گاڑی بھی قبضے میں لے لی اور مختلف وارداتوں میں شہریوں سے لوٹی گئی آٹھ عدد قیمتی موبائل فون سیٹس اور نقدی بھی ملزمان کے قبضے سے برآمد کرلی گئی۔ پولیس نے زیر حراست دونوں ملزمان کو فوری طور پر تھانہ جنگل خیل منتقل کردیا جہاں انکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق بین الصوبائی جرائم پیشہ نیٹ ورک سے ہے جو ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں رہزنیاں،چوریاں،موبائل سنیچنگ اور سٹریٹ کرائمز کی دیگر وارداتیں برپا کرنے میں ملوث ہیںجبکہ نو عمر لڑکوں پر مشتمل جیب کتروں کے مختلف گروہ بھی اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔

زیر حراست ملزمان مختلف وارداتوں میں لوٹی گئی قیمتی موبائل فون سیٹس کی آئی ایم ای آئی نمبرز اور سافٹ وئیر تبدیل کرنے کے بعد ان موبائلز کوفروخت کیلئے ملک کے مختلف شہروں اور پڑوسی ملک افغانستان منتقل کرتے ہیں جسکا گرفتار ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ میں انکشاف کیا ہے۔زیر حراست ملزمان نے خیبر پختونخوا ،پنجاب اور سندھ کے صوبائی دارالحکومتوں اور دیگر شہروں میں موجود نیٹ ورک کے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے ہیں اور سٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوںمیں لوگوں سے قیمتی اشیاء لوٹنے کا بھی اعتراف جرم کرلیاہے۔