کوہاٹ میں چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی طے کرلی گئی

جمعرات 7 جون 2018 20:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) کوہاٹ میں چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی طے کرلی گئی ہے جبکہ ہوائی فائرنگ کے نقصانات کے حوالے سے عوام میں شعور وآگاہی مہم شروع کردی گئی ہے۔ہوائی فائرنگ کے خلاف مہم میں علمائے کرام،سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات اور عمائدین شہر کو شامل کرکے شہر بھر میں بینرز آویزاں اور پمفلٹس تقسیم کئے جارہے ہیں۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے عوام الناس کے نام جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کا اختتامی سفر قریب آرہا ہے اور آنے والی عید الفطر موجودہ حالات کے پس منظر میں ہم سب سے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا تقاضا کرتی ہے۔انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں واضح کیا ہے کہ جس نے بغیر کسی وجہ ایک بے گناہ انسان کی جان لے لی گویا اس نے پورے انسانیت کو قتل کر ڈالا اور جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا تمام لوگوں کی زندگی بچائی تاہم ہوائی فائرنگ کے ارتکاب میں آپکی بندوق سے نکلی گولی کسی بے گناہ انسان کی جان لے سکتی ہے ،ہوائی فائرنگ ایک قبیح اور جان لیوا فعل ہے لہٰذ ا ہوائی فائرنگ سے خود بھی اجتناب اور دوسروں کو بھی اس عمل سے بچنے کی تلقین ہماری دورہری ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے وضع کردہ حکمت عملی کے متعلق بتایا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی ہوائی فائرنگ کی سد باب کیلئے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے اور اس مہم میں جید علمائے کرام،سیاسی،مذہبی و سماجی شخصیات،عمائدین شہر،سول سوسائٹی کے ارکان اور میڈیا کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے حوالے سے جامع حکمت عملی کے تحت عوام میں شعور و آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جسکے تحت نماز جمعہ کے خطبات میںاسلامی تعلیمات کی روشنی میںہوائی فائرنگ کے نقصانات کے حوالے سے خصوصی بیانات کئے جائیں گے۔ضلعی پولیس سربراہ نے کہا کہ تھانوں کی سطح پر پولیس اور عوام کی مشترکہ کمیٹیاں تشکیل دیکر ہوائی فائرنگ کے خلاف مہم کے تحت گھر گھر پمفلٹس تقسیم کئے جائیں گے جبکہ بازاروں،مصروف چوراہوں ،اہم شاہراہوں اور پبلک مقامات پر ہوائی فائرنگ سے اجتناب کی تحریروں پر مبنی خصوصی بینر ز اور پینا فلیکس بھی آوایزاں کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کے مرتکب افراد کو گرفتار کرکے براہ راست جیل بھیجا جائے گااور عید جیل میں گزارنے کے بعد انہیں رہائی دی جائے گی۔