عوامی خدمت کی روش ہم نے ہی ڈالی، ترقیاتی ایجنڈا کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے‘پرویز ملک

لیگی حکومت کی توانائی بحران کیخاتمے کیلئے کاوشیں رنگ لائیں انرجی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان اندھیروں سے نکل آیا‘عمران نذیر

جمعرات جون 20:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و سابق وفاقی وزیر محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کی روش لیگی حکومت نے ہی ڈالی جو کہ دیگر سیاستدانوں کے لئے ایک نمونہ ہے،مسلم لیگ (ن) نے عوام کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے شب و روز محنت کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے اپنے حلقوں میں الیکشن مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرارکان اسمبلی غزالی سلیم بٹ،چوہدری شہباز، سید توصیف شاہ،عامر خان،جاوید اقبال ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوںنے کہاکہ ترقیاتی ایجنڈا کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔مسلم لیگ (ن) کی ٹھوس معاشی پالیسیوںکے باعث ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا،،بجلی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سے ہمیشہ کیلئے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہونے کو ہے۔

(جاری ہے)

توانائی بحران کے خاتمے سے پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہوا اورملک سے غربت، جہالت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوا،مسلم لیگ (ن) حکومت کی توانائی بحران کے خاتمے کیلئے مخلصانہ کاوشیں رنگ لائی ہیں اور ہزاروں میگاواٹ توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان اندھیروں سے نکل کر روشنیوں میں آ گیا۔انہوں نے کہا عمران خان کے 11 نکات عوام کو دھوکہ ہے ہم 11 ہزار ترقیاتی منصوبے پیش کریں گے، ہمارے سیاسی مخالفین نے اپنے صوبے کے عوام کو صرف دکھ دئیے ہیں اور ان کے دلوں پر مایوسی اور بدترین کارکردگی کے نشتر برسائے ہیں،قوم دھوکہ دینے والے سیاستدانوں کے جھوٹ اور دھوکے میں نہیں آئے گی،ان کی ناقص کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ آئیں ہم آپ کو عوام کی خدمت کے گر بتائیں گے۔