Live Updates

الیکشن لڑنے والے اراکین کونسل اور ضلع ناظم مردان حمایت اللہ مایار کے اعزاز میں الوداعی افطار ڈنر

جمعرات 7 جون 2018 20:44

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) ضلعی نائب ناظم اسد علی نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر الیکشن لڑنے والے اراکین کونسل اور ضلع ناظم حمایت اللہ مایار کے اعزاز میں الوداعی افطار ڈنرکا اہتمام کیا ۔اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے اراکین کونسل نے بطور ضلع ناظم حمایت اللہ مایار کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ انکی شبانہ روز محنت کی وجہ سے مردان کا شمار آج ملک کے ترقی یافتہ اضلاع میں ہو تا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مردان کی ضلع حکومت پورے صوبے کے لئے ایک رول ماڈل ہے اور انہوں نے قلیل عرصے میں عوام کے فلاح وبہبود کے جو منصوبے مکمل کئے ہیں اس سے عوامی مسائل میں کمی آئی ہے۔تعلیم کے میدان میں ضلع کونسل کی انقلابی اقدامات سے طلباء و طالبات کی تعلیمی رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سائنس فیسٹول ،ستوری دا مردان اور گلونہ دا مردان جیسے منصوبوں سے ذہین طلبہ کوآگے آنے کا موقع ملا ہے۔

ضلع نائب ناظم اسدعلی،اسسٹنٹ کمشنر عمران خان،ڈسٹرکٹ افسر فنانس اینڈ پلاننگ ظہیر الدین بابر،، تحصیل ناظم محمد ایوب خان،ضلع کونسل میں اپوزیشن لیڈر ملک شوکت، پارلیمانی لیڈرزشاہد باچا،طارق عزیز،حبیب رسول،نعیم باچا،مولانا عرفان اللہ،سجاد خان ،سلیم خان ،نصرت آراء اور دیگر نے کہاکہ ڈھائی سال سے زائد عرصے میں حمایت مایار کا بطور ضلع ناظم رویہ حزب اقتدار اور اختلاف کے ساتھ ایک جیسا رہا اور انکی قیادت کے نتیجے میں پہلی مرتبہ کسی بھی ضلعی حکومت نے بیوہ اور نادار خواتین کے لئے دارالامان اور ویمن ریسورس سنٹرز جیسے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایاجس سے خواتین کے مسائل بہتر انداز میں حل ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ضلع کونسل اور ضلعی انتظامیہ کے مابین بہتر کوارڈینیشن سے بھی عوامی مسائل میںکافی حد تک کمی آئی ہے۔اس موقع پر ضلع ناظم حمایت اللہ مایار نے ضلع نائب ناظم اسدعلی اور اراکین کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مردان کی ترقی کے لئے ضلع کونسل میں حزب اقتدار اور اختلا ف کا تصور نہیں تھا اور یہی وجہ ہے کہ ضلع کونسل مردان نے ڈھائی سال سے زائد عرصے میں جو منصوبے شروع کر کے مکمل کئے ہیں وہ ملک کے تمام اضلاع کے لئے قابل تقلید ہے۔

انہوں نے کہاکہ مقامی حکومتوں کو مالی انتظامی اور معاشی اختیارات دے کر ہی عوامی مسائل میں کمی آسکتی ہے۔18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو اختیارات ملے ہیں انہوں نے کہاکہ اگر اللہ نے موقع دیا اور صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے تووہ مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے کے لئے تمام وسائل کو برئوے کار لائیں گے۔انہوں نے کہاکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوںمیں عوامی نمائندوں کی تربیت کے لئے بھی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ اراکین اسمبلی اپنے علاقے کے مسائل کو بہتر انداز میںحل کر سکے۔بعدازاں ضلعی نائب ناظم اسد علی نے ضلع کے لئے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ضلع ناظم حمایت اللہ مایار کو سونیئر بھی پیش کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات