امارات میں ٹی20لیگز کا انعقاد، پاکستان کا آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز ملائیشیا منتقلی کا عندیہ

پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو فون کر کے باضابطہ طور پر اپنے خدشات سے آگاہ کردیا اگر پاکستان کی ہوم سیریز اور پی ایس ایل سے کچھ دن قبل تک بھی متحدہ عرب امارات میں دوسری لیگز منعقد ہوئیں تو پی سی بی اپنی تمام کرکٹ ملائیشیا منتقل کردے گا،نجم سیٹھی

جمعرات 7 جون 2018 21:23

امارات میں ٹی20لیگز کا انعقاد، پاکستان کا آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2018ء) پاکستان اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات سنگین صورتحال اختیار کرتے جارہے ہیں اور پاکستان نے اکتوبر سے مارچ تک امارات میں کسی بھی قسم کی لیگ کرکٹ کے انعقاد پر اپنی کرکٹ ملائیشیا منتقل کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔متحدہ عرب امارات میں مقامی کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام رواں سال کی آخری سہ ماہی میں متعدد ٹی20 لیگز کے انعقاد کا انکشاف ہوا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے گہری تشویش کا اظہار کیا تھا کیونکہ پاکستان کی اس عرصے میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے سیریز شیڈول ہے۔

ایمریٹس کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگ کرانے کے اعلان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو فون کر کے باضابطہ طور پر اپنے خدشات سے آگاہ کردیا یے۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے امارات کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے مطالبہ کیا وہ اکتوبر سے مارچ تک لیگ منعقد نہ کرائیں بصورت دیگر پاکستان پلان بی کے طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز اور پی ایس ایل کا انعقاد ملائیشیا میں کر سکتا ہے۔

پی سی بی کے مصدقہ ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے ایمریٹس کرکٹ بورڈ کو واضح کردیا کہ اگر پاکستان کی ہوم سیریز اور پی ایس ایل سے کچھ دن قبل تک بھی متحدہ عرب امارات میں دوسری لیگز منعقد ہوئیں تو پی سی بی اپنی تمام کرکٹ ملائیشیا منتقل کردے گا۔ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹ بورڈ معاملے کے حل کے لیے سنجیدہ ہیں لیکن کچھ نکات پر اتفاق نہیں ہوسکا۔

امارات کرکٹ بورڈ رواں سال 3ٹی20 لیگز ایمریٹس لیگ، افغان لیگ اور ٹی ٹوئنٹی لیگ کا انعقاد چاہتا ہے۔پی سی بی نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے واضح کردیا کہ پی ایس ایل سے پینتیس دن قبل اگر متحدہ عرب امارات میں کوئی کرکٹ منعقد ہوئی تو پاکستان کی تمام ہوم سیریز ملائیشیا منتقل کردیں گے جس کے لیے آسڑیلیا اور نیوزی لینڈ بھی تیار ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام معاملے کے حل کے لیے پرامید ہیں لیکن پی ایس ایل اور پاکستان کی ہوم سیریز متاثر ہوئی تو وینیو تبدیل بھی کیا جاسکتا ہے۔معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ 12جون کو پی ایس ایل فرنچائز مالکان کو بھی اعتماد میں لے گا جس کے بعد پی سی ایل کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہو گا۔