Live Updates

ہم اس وقت دو محاذوں پر ہمہ وقت جنگ کررہے ہیں ، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

یک تو مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنا اس سلسلے میں میں نے 8 جولائی کو برہان وانی کی برسی کے موقع پر لندن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے مودی کو للکارنا ہے اور میں ہر فورم پر ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی نمائندگی کر رہا ہوں اور دوسرا آزاد کشمیر کے عوام کو انکے حقوق دلوانے اورانکے مسائل حل کرانے کے لئے ہماری جدوجہد جاری ہے، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

جمعرات 7 جون 2018 21:25

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کہا ہے کہ ہماری دومحاذوں پر جنگ ہے ایک تو مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنا اس سلسلے میں میں نے 8 جولائی کو برہان وانی کی برسی کے موقع پر لندن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے مودی کو للکارنا ہے اور میں ہر فورم پر ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی نمائندگی کر رہا ہوں اور دوسرا آزاد کشمیر کے عوام کو انکے حقوق دلوانے اورانکے مسائل حل کرانے کے لئے ہماری جدوجہد جاری ہے۔

لہذا عوام اب اٹھ کھڑے ہوں۔ پونچھ کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا ہے اور جو پراجیکٹس میرے دور حکومت میں لگے تھے انہیں بھی مین ٹین نہیں رکھا گیا جبکہ بعد میں آنے والی حکومت نے مزیدترقیاتی منصوبے لگانے پر دھیان ہی نہیں دیا۔

(جاری ہے)

میں نے پونچھ کو ہل اسٹیشن قرار دیا تھا جبکہ یہاں کی کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں یہاں پر سیاح تو کیا مقامی لوگوں کا بھی پیدل چلنا محال ہے۔

آزاد کشمیر حکومت اور مسلم لیگ ن کے حالات بتا رہے ہیں کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کا بگل کسی بھی وقت بج سکتا ہے۔میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پی ٹی آئی کشمیر اقتدار میں آکر عوام کو حقوق دلوائے گی اور اسکے لئے ضروری ہے کہ آپ لوگ میرا دونوں محاذوں پر ساتھ دیں۔ اس وقت پورے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کشمیر کی ممبر شپ مہم جاری ہے اور عید کے بعد پی ٹی آئی کشمیر کی تنظیم سازی کا کام مکمل کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں راولاکوٹ میں پی ٹی آئی کشمیر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر ایک بڑے جلسہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جلسہ کی صدار پی ٹی آئی کشمیر کے امیدوار اسمبلی سردار نیر ایوب نے کی جبکہ جلسہ سے پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان، سردار تسلیم،سردار طاہر شاہین، سردار صابر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر سینکڑوں شخصیات نے دیگر جماعتوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی کشمیرمیں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابق ایڈووکیٹ جنرل سردار رفیق کے صاحبزادے سردار خالد رفیق ، سردار جنت ، سردار فاروق اور دیگر شامل ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں گذشتہ تین دن سے پونچھ میں ہی مقیم ہوں میں دیکھا کہ یہاں پر ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں ہم اقتدار میں آکر پونچھ کے عوام کے مسائل حل کرائیں گے۔

پونچھ کے غیور عوام اپنا حق چھیننا اور لینا جانتے ہیں ہم انکے ساتھ ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے بہت سے ممالک میں ملین مارچز اور مظاہرے کرائے اور تقریباً ہر ماہ ہی مسئلہ کشمیر پر عالمی توجہ مبذول کرانے کے لئے کسی نہ کسی ملک میں مظاہرہ کراتا ہوں۔مودی اور نواز شریف نے اسی لئے میرے خلاف سازش کی اور مجھے اسمبلی سے باہر رکھا تاکہ میں مسئلہ کشمیر پر آواز نہ اٹھا سکوں لیکن میں نے اس سلسلے میں پہلے سے زیادہ موثر انداز میں انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر مبذول کرائی۔راٹھور
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات