حافظ آباد، بیرسٹر پیر سید وسیم الحسن نقوی نے پی پی 70 سے کاغذات نامزدگی پاس جمع کروادیئے

جمعرات 7 جون 2018 21:45

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2018ء) جماعت الصفہ پاکستان کے سربراہ اور معروف دینی و مذہبی سکالر بیرسٹر پیر سید وسیم الحسن نقوی نے گذشتہ روز حافظ آباد شہرکے حلقہ 70صوبائی اسمبلی سے الیکشن لڑنے کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرنگ آفیسر کے پاس جمع کروادیئے۔اس موقع پر تحریک لبیک سمیت مختلف سنی تنظیموں کے راہنما بھی موجود تھے۔

بعدازاں بیرسٹر پیر سید وسیم الحسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے لئے عشاقان رسولﷺ میدان عمل میں نکل آئے ہیں ۔اوراس عظیم مشن کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا ۔لیکن ہمارے سیاستدان اور مفاد پرست حکمران اسلام کو فراموش کرکے اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف چلے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے غریب آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔اور ملکی معیشت ہچکولے لے رہی ہے۔ بڑھتی مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک محب وطن دینی و مذھبی قیادت اسمبلیوں میں نہیں آئے گی اسوقت تک غریب عوام کی تقدیر نہیں بدلے گی۔اس موقع پر تحریک لبیک کے کارکنوں نے لبیک لبیک یارسول اللهﷺکے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔