پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ پانی کا بلبلہ اور چوں چوں کا مربہ ہے،محمد اشرف بھٹی

جمعرات 7 جون 2018 21:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں بھاگنے والے لوٹے آج ٹکٹیں نہ ملنے کی وجہ سے پی ٹی آئی کے خلاف ہی باتیں کرتے ہوئے دکھائی دیں گے جن لوگوں کو پیپلز پارٹی نے عزت دی تھی وہ چند مفاد ات کی خاطر لوٹے ہو گئے لیکن آج پی ٹی آئی بھی ان لوگوں کو مسترد کردے گی اور ایسے لوگ نہ گھر کے رہیں گے نہ باہر کے رہیں گے وہ لوگ جو پیپلز پارٹی میں خود ٹکٹیں بانٹتے تھے وہ آج بنی گالہ کے باہر لائنوں میں لگے ہوئے ہیں ایسے لوگوں کو تو شرم کرنی چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو عوام مسترد کردیں گے کیونکہ جو لوگ اپنی اپنی جماعتوں میں رہ کر تبدیلی نہیں لا سکے وہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر خاک تبدیلی لائیں گے ایسے لوگ اسی طرح سے روتے ہوئے دکھائی دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہتا ہوں کہ پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ پانی کا بلبلہ ہے اور چوں چوں کا مربہ ہے یہ لوگ لالچ میں جلد ہی ایک دوسرے کے گریبان پکڑتے ہوئے نظر آئیں گے اور پیپلز پارٹی عوامی ووٹوں سے حکومت میں آجائے گی ۔