لاہور ہائی کورٹ، چیف الیکشن کمشنر کے خلاف دائرتوہین عدالت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری ، جواب طلب

جمعرات 7 جون 2018 21:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2018ء) لاہور ہائی کورٹ نے عدالتی احکامات نظر انداز کرنے پر چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کے خلاف دائرتوہین عدالت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے پاکپتن کے رانا آفتاب اسلم کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کی لیگی ایم این اے رانا زاہد محمود نے جعلی ڈگری پر الیکشن لڑا،عدالت عالیہ نے رانا زاہد محمود کے خلاف دائر درخواست الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے جلد نمٹانے کی ہدائت کی تھی، عدالتی حکم کے باوجود رانا زاہد محمود کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی کاروائی نہیں کی جو کہ عدالتی حکم کی سنگین خلاف ورزی ہے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر عدالت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے، جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔