بٹگرام، ایم ایم اے کی بحالی کے بعد بٹگرام کے تینوں سیٹوں پر ہمارے ہی امیدوار کامیاب ہونگے، قاری محمد یوسف

حلقہ این اے 12 سے دو نام مرکز کو بھیجے گئے ہیں جس میں ایک نام میرا ہے اور دوسرا مولانا رشید احمد کا ہے،سابق ایم این اے کی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد پریس کانفرنس

جمعرات 7 جون 2018 21:56

بٹگرام(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2018ء) سابق ایم این اے قاری محمد یوسف اور فیاض خان ایڈووکیٹ نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ایم اے کی بحالی کے بعد بٹگرام کے تینوں سیٹوں پر ہمارے ہی امیدوار کامیاب ہونگے، قاری محمد یوسف نے کہا کہ حلقہ این اے 12 سے دو نام مرکز کو بھیجے گئے ہیں جس میں ایک نام میرا ہے اور دوسرا مولانا رشید احمد کا ہے، اسی طرح پی کے 28 سے ایک نام شاہ حسین کا بھیجا گیا ہے جبکہ پی کے 29 سے بھی دو نام بھجوائے گئے ہیں جن میں فیاض خان ایڈووکیٹ اور مولانا فریدالدین کے نام شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

قاری محمد یوسف نے مزید کہا کہ مرکزی قیادت جس کو بھی پارٹی ٹکٹ دے گی ہم سب ملکر اسے کامیاب بنانے کیلئے تن من دھن کا زور لگائیں گے ، اگر پارٹی ٹکٹ مولانا رشید احمد کو ملتا ہے تو میں دن رات اسکی کامیابی کیلئے کردار ادا کرتا کرونگا انہوں نے مزید کہا کہ بعض شرپسند عناصر جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے ایم ایم اے کے بجائے اپنی اپنی جماعتوں کے کارکنان کو زبردستی مجبور کروا رہے ہیں ۔انہوں نے ایم ایم اے میں شامل تمام جماعتوں کے کارکنوں پر زور دیا کہ سب ملکر ایم ایم اے کی کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں