عام انتخابات میں عوام متحدہ مجلس عمل کی دیانتدار،باکردار اور جراتمند قیادت کو کامیاب

کرائیں،صابرحسین اعوان عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کا حل متحدہ مجلس عمل کے پاس ہے، میڈیا سے بات چیت

جمعرات جون 21:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل پشاور و امیدوار این اے 28 صابرحسین اعوان نے این اے 28 پشاور کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی و صدر ایم ایم اے صابرحسین اعوان ایک بڑے جلوس کے شکل میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے کچہری روم نمبر 11 آئے اور کارکنان کے ہمراہ کاغذات جمع کرائے ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے صدر متحدہ مجلس عمل پشاور صابرحسین اعوان نے کہا کہ پشاور کے عوام نے ہمیشہ اسلام پسند قوتوں کا ساتھ دیا ہے اور اج بھی پشاور دینی قوتوں کا مضبوط گڑھ ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ۔انشاء اللہ2018کے عام انتخابات میں ایم ایم اے ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی اور پورے ملک میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔لادینی قوتوں سے نجات کے لیے قوم کو اسلام پسند اور محب وطن لوگوں کو آگے لانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان نازک دور سے گزررہا ہے۔ملکی تعمیر وترقی میں تمام افراد اور اداروں کو اپنا مثبت کردار اداکرناہوگا۔

عوام نے جمہوری تسلسل کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔جو لوگ ملک میں غیر جمہوری قوتوں کے لیے راہ ہموار کرناچاہتے ہیں وہ ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں۔ہمیں دانشمندانہ فیصلے کرنے ہوں گا۔انہوںنے کہاکہ 2018کے عام انتخابات میں عوام متحدہ مجلس عمل کی دیانتدار،باکردار اور جراتمند قیادت کو کامیاب کرائیں۔عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کا حل متحدہ مجلس عمل کے پاس ہے۔سیکولر اور لبرلزجماعتوں نے ملک وقوم کو مسائل کے سواکچھ نہیں دیا،اب وقت آگیا ہے کہ ان سے نجات حاصل کی جائے۔