پوری دنیا کا کفر جمع ہو کر بھی اسلام کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روک نہیں سکتا ، نائب امیر جماعت اسلامی

اگر دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت مل جائے تو پاکستان چند سالوں کے اندر ترقی و خوشحالی کی منازل طے کر سکتاہے، افطار تقریب سے خطاب

جمعرات جون 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ پوری دنیا کا کفر جمع ہو کر بھی اسلام کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روک نہیں سکتا۔ دنیا امن کی پیاسی ہے اور امن صرف اسلام دے سکتاہے۔ انسانیت کو خوشحالی اور ترقی دینے کے دعویدار تما م ازم ایک ایک کر کے اپنی موت مرچکے ہیں۔ سوشلزم ، کیمونزم ، لبرل ازم اور سیکولر ازم کا ڈھنڈورا پیٹنے والے اپنی حسرتوں پر آنسو بہا رہے ہیں جبکہ اسلام کا سورج نصف النہار پر چمک رہاہے۔

وہ دن دور نہیں جب مشرق و مغرب اور شمال و جنوب تک اسلام کا جھنڈا لہرائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے حیدر آباد میں عوامی افطار کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راشد نسیم نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے اسلامی دنیا کی قیادت کی تمام صلاحیتوں سے نوازا ہے اگر دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت مل جائے تو پاکستان چند سالوں کے اندر ترقی و خوشحالی کی منازل طے کر سکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان کو مسائل کی دلدل سے صرف باکردار قیادت نکال سکتی ہے۔ایک کی جگہ دوسرے کرپٹ کو لانے کی غلطی کی گئی تو حالات مزید خراب ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ عوام 2018 ئ کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیںتاکہ ملک سے عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہروں کا کھیل اور کرپشن کے بازار کو ختم کیا جاسکے۔ دریں اثنا راشد نسیم نے کراچی کے حلقہ این اے 254 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔ راشد نسیم 8 جون کو مسجد قریشاں لانڈھی کراچی میں جمعہ کے اجتماع اور بعد نماز عصر لسبیلہ چوک کراچی میں عوامی افطار پروگرام کے شرکائ سے خطاب کریں گے۔