ملک کو درپیش بحرانوں، مشکلات سے نجات کا واحد راستہ شفاف ،غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنا نا ہے،رہنما پشتونخواملی عوامی پارٹی

جمعرات 7 جون 2018 22:29

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش تمام بحرانوں اور مشکلات سے نجات کا واحد راستہ یہ ہے کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنا کر جمہوریت کے استحکام کی راہ اپنائی جائے اور آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی کو عملاً تسلیم کرتے ہوئے قانون ، انصاف اور میرٹ کی ہر شعبہ زندگی میں بالادستی ہو لیکن غیر جمہوری قوتیں اور ان کے کاسہ لیس اب نئے لبادے میں جمہوریت اور ووٹ ہی کے نام پر عوام کی حق حکمرانی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں جن کے منفی نتائج اور اثرات کی ذمہ دار بھی وہی عناصر ہونگے ۔

ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان نے ضلع ژوب اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز فقیر خوشحال کاسی ، احمد جان نے ضلع ہرنائی اور ضلع زیارت ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ نے ضلع کوئٹہ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان نے ضلع قلعہ سیف اللہ اور شیرانی کے ضلعی کمیٹیوں کے نمائندہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

پارٹی کے ان ضلعی کمیٹیوں کے اجلاسوں میں انتخابات کے متعلق مختلف فیصلے کئے گئے ۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے عہدیداروں ، کارکنوں ، ہمدردوں اور ہمارے غیور عوام نے متحد ومنظم ہوکر پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے اپنی تمام صلاحیتوںکو بروئے کار لانا ہوگا۔ اور پشتونخوامیپ کا مقابلہ ہر شعبہ زندگی میں اس کرپٹ اور پشتون دشمن مافیااور ان کے سرپرستوں سے مقابلہ ہے جنہوں نے روز اول سے پہلے استعماری قوتوں ، غیروں اور قبضہ گروں کا ساتھ دیتے ہوئے ان کے اعلیٰ کار بن کر ہمارے ہمارے عوام کو ہر شعبہ زندگی میں بدترین مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے اور ہر شعبہ زندگی میں ان کا بدترین استحصال کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ اور سالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور ان کی تحریک کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج جنوبی پشتونخوا کا وجود ، تشخص ، حق ملکیت اور حق حاکمیت کی حقیقت ثابت ہوچکی ہے ۔او اب اس جدوجہد کو مزید تیز کرنا ضروری ہے ۔ پشتونخوامیپ نے صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے جنوبی پشتونخوا کے ہر علاقے میں بلا تمیز اپنے عوام کی بھرپور خدمت کی ہے ۔

اور گزشتہ 25سالوں اور پشتونخوامیپ کے اتحادی حکومت کے دور میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں ان کے موازنے سے یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ پشتونخوامیپ ہی اپنے عوام کے مسائل ومشکلات کا ادراک اور حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیور عوام نے ان تمام عناصر کو پچاننا ہوگا جو اب ووٹ ،جمہوریت اور خدمت کے نام پر نئے لبادے میں آپ کے سامنے آئینگے درحقیقت یہ تمام عناصر ووٹ اور جمہوریت ہی کے نام پر عوام کی حق حکمرانی غیروں کے لئے آپ سے چھین کر اپنی ذاتی وگروہی مفادات کیلئے سرگردہ ہے ۔

اوران عناصر کو ہمارے وطن اور ہمارے غیور عوام سے کوئی محبت نہیں بلکہ وہ غیروں کا ایجنڈا لیکر اس دوقومی صوبے سے غریب پسماندہ اور لاچار عوام کو دھوکہ دینے کی بدترین سازشوں میں مصروف ہے ۔ لہٰذا پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے اپنی عوامی رابطہ مہم ہرسطح پر وسیع منظم اور تیز کرتے ہوئے ان تمام سازشوں کو ناکام بنانے میں ماضی کی طرح تاریخی رول ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے غیور پر بھرپور اعتماد ہے اور وہ ہمارے وطن دوست ، عوام دوست ، انسانیت دوست امیدواروں کو کامیاب بناتے ہوئے تمام منفی عناصر کو ضرورشکست دینگے ۔