Live Updates

پروفیسر حسن عسکری پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ مقرر

جلد بلوچستان کے نگراں وزیر اعلیٰ کا بھی فیصلہ ہوجائیگا،ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن اختر نذیر حسن عسکری کا شمار پاکستان کی نامور علمی شخصیات میں ہوتا ہے اور وہ ملکی اور غیر ملکی درسگاہوں میں شعبہ علم و تدریس سے منسلک ہیں

جمعرات 7 جون 2018 23:02

پروفیسر حسن عسکری پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ مقرر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے متفقہ طور پر پروفیسر حسن عسکری کو پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ مقرر کردیا ہے۔جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن اختر نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ پنجاب کا نگراں وزیر اعلیٰ پروفیسر حسن عسکری کو مقرر کیا جائے،پروفیسر حسن عسکری کا شمار پاکستان کی نامور علمی شخصیات میں ہوتا ہے اور وہ ملکی اور غیر ملکی درسگاہوں میں شعبہ علم و تدریس سے منسلک ہیں،اس کے علاوہ وہ مختلف اخبارات،جرائد اور ٹی وی چینلز پر اہم موضوعات پر ایک مایہ ناز مبصر تصور کیے جاتے ہیں۔

ایڈیشنل سیکریٹری نے بلوچستان کے نگراں وزیر اعلیٰ کے حوالے سے کہا کہ جلد ہی بلوچستان کے نگراں وزیر اعلیٰ کا بھی فیصلہ ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے معاملے پر صوبائی حکومت اور اپوزیشن نے پارلیمانی کمیٹی بنائی تھی،تاہم وہاں بھی ناموں پر اتفاق رائے نہ ہونے پر یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا گیا تھا،اس سے قبل پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ایڈمرل (ر) محمد ذکا اللہ اور جسٹس (ر) سائر علی کا نام تجویز کیا گیا تھا جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے پروفیسر حسن عسکری اور ایاز امیر کا نام پیش کیا گیا تھا،تاہم اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے دعویٰ کیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ایاز امیر کے نام پر اعتراض اٹھایا تھا جبکہ پی ٹی آئی نے ایڈمرل (ر) محمد ذکا اللہ کے نام پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیج دیا گیا تھا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات