صدر مملکت شنگھائی تعاون تنظیم کے 18ویں اجلاس میں شرکت کیلئے کلا چین جائینگے

جمعرات 7 جون 2018 23:38

صدر مملکت شنگھائی تعاون تنظیم کے 18ویں اجلاس میں شرکت کیلئے کلا چین ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2018ء) صدر مملکت ممنون حسین شنگھائی تعاون تنظیم کے 18 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے آج (جمعہ کو) چین جائیں گے۔شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 9 اور 10 جون کو چین کے مشرقی صوبہ شان ڈونگ کے ساحلی شہر چنگ ڈائو میں ہوگا۔۔صدر مملکت ممنون حسین پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اور اجلاس سے کلیدی خطاب کریں گے۔

صدر مملکت اپنے خطاب میں علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کا موقف بیان کریں گے اور شرکا کو شنگھائی تعاون تنظیم میں مستقبل میں پاکستان کے کردار سے آگاہ کریں گے۔۔صدر مملکت سربراہی اجلاس کے موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات کریں گے جس میں سی پیک سمیت دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ گزشتہ دو ماہ کے دوران پاکستان اور چین کی قیادت کے درمیاں دوسرا اعلی سطحی رابطہ ہوگا۔

قبل ازیں رواں سال اپریل میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی بائو فورم کے درمیان چینی صدر سے دوطرفہ ملاقات کی تھی۔۔صدر مملکت شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر رکن ممالک کے راہنمائوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا مجوزہ سربراہی اجلاس پاکستان کے لئے بڑی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ جون 2017 میں شنگھائی تعاون تنظیم میں توسیع کے بعد پہلا سربراہی اجلاس ہوگا۔واضح رہے کہ جون 2017 میں آستانہ سربراہی اجلاس میں پاکستان اور بھارت کو تنظیم کی مکمل رکنیت دی گئی تھی۔۔