فرنچ اوپن میں شکست سے دلبرداشتہ جوکووچ کی ومبلڈن اوپن میں شرکت غیریقینی

جمعرات 7 جون 2018 23:48

فرنچ اوپن میں شکست سے دلبرداشتہ جوکووچ کی ومبلڈن اوپن میں شرکت غیریقینی
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2018ء) سٹار سربین کھلاڑی اور سابق عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے کہا ہے کہ فرنچ اوپن میں شکست کے بعد میں نہیں جانتا کہ ومبلڈن اوپن میں شرکت کر سکوں گا۔ جوکووچ کو فرانس میں جاری سال کے دوسرے گرینڈسلام مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں اٹالین کھلاڑی سیشناٹو کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرنچ اوپن کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد بہت دلبرداشتہ اور مایوس ہو گیا ہوں اسلئے اس وقت ٹینس کے بارے بات نہیں کرنا چاہتے، میں نہیں جانتا کہ ومبلڈن اوپن میں شرکت کر سکوں گا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی گرینڈسلام میں شکست کو برداشت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، خصوصا جس مہینے آپ نے بڑے عرصے بعد کورٹس میں کم بیک کیا ہو، میرے پاس فرنچ اوپن جیت کر پیش قدمی کرنے کا اچھا موقع تھا لیکن بدقسمتی سے کامیاب نہ ہو سکا۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران انجری مسائل نے جوکووچ کے کیریئر کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اس وقت وہ عالمی درجہ بندی میں 22 ویں نمبر پر ہیں، جوکووچ کو تین ومبلڈن اوپن سمیت مجموعی طور پر 12 گرینڈسلام ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔۔

متعلقہ عنوان :