پرانے اور پھٹیچر رکشوں سے اب جان چھوٹ جائے گی

جاپانی کمپنی نے پاکستان میں جدید اور سستے الیکٹرک رکشے متعارف کروانے کی تیاریاں شروع کردیں

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 جون 2018 21:38

پرانے اور پھٹیچر رکشوں سے اب جان چھوٹ جائے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) پرانے اور پھٹیچر رکشوں سے اب جان چھوٹ جائے گی، جاپانی کمپنی نے پاکستان میں جدید اور سستے الیکٹرک رکشے متعارف کروانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ کچھ برسوں کے بعد دنیا کی کئی آٹو کمپنیوں نے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔ خاص کر سی پیک منصوبے کے آغاز کے بعد سے کئی غیر ملکیوں کمپنیوں نے پاکستان میں بہت بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔

ان کمپنیوں کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری کے بعد سے پاکستان میں آٹو سیکٹر نے بہت تیزی سے ترقی کی ہے۔ جبکہ پاکستان میں گاڑیوں اور دیگر جدید سفری سہولیات کی ڈیمانڈ میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ اب جہاں دیگر سفری سہولیات میں جدت آ رہی ہے، وہیں اب جلد پاکستانیوں کی ملک میں چلنے والے روایتی پھٹیچر رکشوں سے بھی جلد جان چھوٹنے والی ہے۔

(جاری ہے)

ایک مشہور جاپانی کمپنی نے پاکستان میں جدید اور سستے الیکٹرک رکشے متعارف کروانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ تاہم پاکستان میں عائد امپورٹ ڈیوٹی کے باعث جاپانی کمپنی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ جاپانی کمپنی کیلئے امپورٹ ڈیوٹی کی شرح زیادہ ہونے کے باعث پاکستان میں الیکٹرک رکشوں کو کم قیمت پر فروخت کیلئے پیش کرنا خاصا مشکل ہے۔ اسی باعث کمپنی نے حکومت پاکستان اور ایف بی آر کو خصوصی خط ارسال کیا ہے۔

جاپانی کمپنی نے حکومت پاکستان اور ایف بی آر سے درخواست کی ہے کہ عائد امپورٹڈ ڈیوٹی کی شرح میں کمی کی جائے تاکہ الیکٹرک رکشوں کو کم قیمت پر فروخت کیلئے پیش کیا جائے۔ اس حوالے سے ایف بی آر کی جانب سے جاپانی کمپنی کو جائزہ لینے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ معاملات طے ہونے کی صورت میں جاپانی کمپنی جلد پاکستان میں الیکٹرک رکشوں کو فروخت کیلئے پیش کر دے گی۔