ْکے الیکٹرک نے طیب ترین کوبورڈ کا چیئرمین اور مونس علوی کوچیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کر دیا

جمعہ 8 جون 2018 00:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے طیب ترین کو بورڈ کاچیئرمین اور موجود ہ چیف فنانشل آفیسر، مونس علوی کواضافی چارج دے کرکمپنی کے عبوری چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کر دیاہے۔ یہ تبدیلیاں فوری طور پر مؤثر ہوں گی۔ طیب ترین ، چیف ایگزیکٹو آفیسر کے اپنے موجودہ عہدے سے چیئرمین بننے تک کے سفر میں زیادہ تر ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ 25سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں جس میں کاروبار ی ٹرن اراؤنڈ، فنانشل مینجمنٹ ، پلاننگ اینڈ بزنس ایکوئزیشنزکے شعبے شامل ہیں۔

آپ 2009ء سے کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہیں اور بطور چیف فنانشل آفیسر اور چیف اسٹریٹجی آفیسر کے طور پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

طیب ترین کو 2014ء میں کے الیکٹرک کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا تھا۔عبوری عرصے کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسرمقرر کیے جانے والے مونس عبداللہ علوی فنانس کے شعبے میں28سال سے زائدکا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

مونس علوی نے 2008ء میں کے الیکٹرک میں شمولیت اختیار کی اور 2011ء سے بطور چیف فنانشل آفیسر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔وہ ایک سند یافتہ چارٹرڈ اکاونٹنٹ اورانسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کے رکن ہیں۔ طیب ترین کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کہا،’’ہمیں طیب ترین کو کے الیکٹرک کے بورڈ کا چیئرمین مقرر کرنے پر بے حد خوشی ہی؛ چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر ان کی خدمات کمپنی اور اس کی ٹرانسفارمیشن کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہیں۔

کمپنی کویقیناً نئی حیثیت میں بھی ان کی صلاحیتوں اور قیادت سے فائدہ پہنچے گا۔‘‘بورڈ نے مزید کہا:’’بورڈ کو بھرپور اعتماد ہے کہ مونس اس نئے کردار کے لیے مطلوبہ پس منظر، تجربہ اور صلاحیت کے حامل ہیں۔کاروبار اور اہم چیلنجوں اور مواقع کی گہری سمجھ بوجھ رکھنے والے مونس علوی غیر معمولی قیادت فراہم کرنے کی بہترین پوزیشن میں ہیں اور ساتھ ہی کمپنی کے اہداف کے حصول اور نشوونما کی حکمت عملی پر سرگرمی سے عمل کرسکیں۔

‘‘کے الیکٹرک نے بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے وقار حسن صدیقی کا شکریہ ادا کیا جودو مرتبہ،مجموعی طورپر 6سال سے زیادہ عرصے کے لیے اپنے فرائض انجام دیتے رہے اور اپنی ذہانت اور رہنمائی کے ذریعے قابل ذکر پیش رفت اور بہتری کے حصول میں انتظامیہ کی مدد کرتے رہے جس کے نتیجے میں کمپنی کو آپریشنل اور فنانشل کامیابی حاصل ہوئی۔

2009ء سے قبل ادارے کو اب کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے استعمال نہیں کیا جارہا تھا تاہم کے الیکٹرک آج ایک صف اول کی کمپنی کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے جوعالمی سطح پر پاور انڈسٹری کی تاریخی کامیابیوں میں سے ایک ہے اور ادارہ اپنی باصلاحیت مینجمنٹ اور لیڈرشپ ٹیموں کی بدولت موجودہ کامیابیوںمیں مزیداضافہ کرنے کی بہترین پوزیشن میں ہے۔ادارہ شہر بھر میں بجلی کی فراہمی کو مزید بنانے اور صارفین کو خدمات فراہم کرنے میں کوشاں ہے تاکہ کراچی اور پاکستان کی معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔