پاکستان میں کالا باغ ڈیم کے متبادل اور دنیا کے دوسرے سب سے بڑے ڈیم کی تجویز سامنے آگئی

کٹزرہ ڈیم گلگت بلتستان کے علاقے سکردو میں بنایا جا سکتا ہے، یہ ڈیم 1000 سال تک خطہ کی ضرورت پوری کر سکتا ہے بلکہ اس ڈیم کو بنانے سے باقی ڈیموں کی عمر بھی بڑھ جائیگی، ڈیم میں 35 ملین ایکڑ فٹ پانی سٹور کرنے کی گنجائش ہوگی اور یہ دنیا کا دوسرا بڑا ڈیم ہوگا،جبکہ بجلی کی پیداواری صلاحیت 15000 میگا واٹ ہوگی

muhammad ali محمد علی جمعرات جون 22:54

پاکستان میں کالا باغ ڈیم کے متبادل اور دنیا کے دوسرے سب سے بڑے ڈیم کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جون2018ء) پاکستان میں کالا باغ ڈیم کے متبادل اور دنیا کے دوسرے سب سے بڑے ڈیم کی تجویز سامنے آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں نئے ڈیموں کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ پاکستان میں پانی کی کمی کا بحران تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے۔ جہاں ایک طرف موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان بے حد متاثر ہوا ہے، وہیں دوسری جانب بھارت نے نئے ڈیم بنا کر پاکستان کے دریاوں کا پانی روک لیا ہے۔

اس تمام صورتحال کے باوجود پاکستان میں بننے والی کوئی بھی حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔ پاکستان میں بننے والی زیادہ تر حکومتوں کی توجہ ترقیاتی منصوبے پر ہی مرکوز رہتی ہے۔ پاکستان میں بننے والی حکومتوں نے کبھی بھی مستقبل کی فکر کرتے ہوئے پانی کے مسئلے کے حل کیلئے سنجیدگی سے کوئی کام نہیں کیا۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں پانی کا بحران ہر گزرتے دن کیساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

عالمی موحولیاتی تنظیموں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ اسی باعث پاکستان میں پہلے سے قدرے کم بارشیں ہونے لگی ہیں۔ جبکہ پاکستان میں گرمی کے موسم کی شدت اور دورانیہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں ڈیموں کی کمی کے باعث دریاوں کا 90 فیصد پانی بھی ضائع ہو جاتا ہے۔

پاکستان نے اب تک جو ڈیم تعمیر کیے ہیں، ان کی مدد سے صرف 10 فیصد پانی محفوظ کیا جا سکتا ہے، پانی کی یہ مقدار 22 کروڑ لوگوں کے ملک کیلئے ناکافی ہے۔ اس صورتحال میں حکمراں تو اب بھی خواب غفلت سے بیدار نہیں ہوئے، تاہم اب عوام نے اس مسئلے کو حل کروانے کی ذمہ داری خود سنبھال لی ہے۔ پاکستانی عوام کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک بھرپور مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس مہم کا نعرہ ہے کہ ""ڈیم بناو، پاکستان بچاو"۔ اس مہم میں شرکت کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کا مطالبہ ہے کہ نہ سڑکیں چاہیئں، نہ میڑو بس، نہ ہی اورنج لائن ٹرین، پاکستان کا مستقبل محفوظ بنانا ہے تو نئے ڈیم بنائیں جائیں۔ اگر ملک میں کالا باغ اور دیگر ڈیم تعمیر نہ کیے گئے تو اگلے چند برسوں میں پاکستان پانی کی بوند بوند کو ترسے گا۔

اس مہم کے زور پکڑنے کے بعد اب کالا باغ ڈیم سے بھی کہیں بڑے اور اہم ڈیم کے حوالے سے تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے ضلع سکردو میں کٹزرہ نامی ایک علاقہ موجود ہے۔ اس علاقے میں دریائے سندھ پر انتہائی اونچائی پر ڈیم تعمیر کیا جا سکتا ہے۔ کٹزرہ ڈیم گلگت بلتستان کے علاقے سکردو میں بنایا جا سکتا ہے۔

یہ ڈیم 1000 سال تک خطہ کی پانی ضرورت پوری کر سکتا ہے۔ جبکہ اس ڈیم کو بنانے سے باقی ڈیموں کی عمر بھی بڑھ جائیگی۔ ڈیم میں 35 ملین ایکڑ فٹ پانی سٹور کرنے کی گنجائش ہوگی اور یہ دنیا کا دوسرا بڑا ڈیم ہوگا۔ جبکہ اس ڈیم سے بجلی کی پیداواری صلاحیت بھی 15000 میگا واٹ ہوگی۔ تاہم اسی حوالے سے پیپلز پارٹی کے دور حکومت کی ایک رپورٹ بھی منظر عام پر آئی ہے۔

یہ رپورٹ واپڈا کی جانب سے تیار کی گئی تھی جس میں کٹزرہ ڈیم کے حوالے سے تفصیلات بتائی گئی۔ واپڈا نے اس ڈیم کی تعمیر ناممکن قرار دے دی تھی۔ واپڈا کی رپورٹ میں موقف اختیار کیا گیا کہ چونکہ ڈیم کی سائٹ ایسے علاقے میں موجود ہے جہاں تک آمد و رفت کے ذرائع بہت محدود ہیں، اس لیے اس ڈیم کو تعمیر کرنا ناممکن دکھتا ہے۔ اگر اس ڈیم کو تعمیر کر بھی لیا جائے تو اس سے گلگت کے کئی علاقے بشمول سکردو کا آبادی والا حصہ پانی میں ڈوب جائے گا۔

جبکہ اس ڈیم کی تعمیر کے باعث پاکستان کی سیاچن کے محاذ تک رسائی بھی مشکل ہو جائے گی۔ واپڈا کی اس رپورٹ کے بعد اس ڈیم کا دوبارہ کبھی ذکر نہیں ہوا۔ تاہم اب دوبارہ سے ملک میں نئے ڈیمز کی تعمیر کی مہم کے آغاز کے بعد اس ڈیم کی تعمیر کا ذکر بھی چھڑ گیا ہے۔