ملک بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا نہ ہی کالا باغ ڈیم ملک کے بہترین مفاد میں ہے، انجینئرزمرک خان اچکزئی

جمعرات 7 جون 2018 23:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سابقہ پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا ، نہ ہی کالا باغ ڈیم ملک کے بہترین مفاد میں ہے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور تین منتخب اسمبلیوں نے قرار داد کے ذریعے اس منصوبہ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کیا تھا مگر افسوس ایک بار پھر اس منصوبے کو زندہ کرنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں عوامی نیشنل پارٹی عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور علاقے کے عوام کی خدمت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے کیونکہ ہم نے ہمیشہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن ہوں عوام کی بھرپورخدمت کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ احباب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے پشتونوں کے حقوق کے لئے جو طویل جدوجہد کی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ وہ روز روشن کی طرح عیاں ہے کالا باغ ڈیم کا منصوبہ یہاں کی زور آور قوتوں نے نہیں بنایا تو کوئی اور بھی نہیں بناسکتا کیونکہ ہمارے اکابرین نے کالاباغ ڈیم کو پشتونوں کے لئے زندگی اورموت کا مسئلہ قرار دیا ہے آپ پنجاب کی خوشنودی کے لئے اس منصوبے کو دوبارہ زندہ کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کالاباغ ڈیم کے بجائے پاشا ڈیم کو بنایا جائے انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے دور حکومت میں ہمیشہ پشتونوں کے حقوق کے لئے جمہوری انداز کے ذریعے حقوق حاصل کئے ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ متحد ہو کر پشتونوں کے باقی ماندہ ارمانوں کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے پاس عوام کے پاس جانے کے لئے کچھ نہیں ہے ہم باچا خانی کے ذریعے عوام کے پاس جارہے ہیں اور عوام کی طاقت سے منتخب ہو کر پشتونوں کے مسائل حل کریں گے اے این پی کارکن عام انتخابات کی تیاریاں کریں اور کامیابی ہمارا مقدر ہے ۔