لائن سٹاف گیپکو کا سرمایہ ہیں، زاہد سلیم

جمعرات 7 جون 2018 23:50

گوجرانوالہ۔7جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹو محمد زاہد سلیم نے کہا ہے کہ لائن سٹاف گیپکو کا سرمایہ ہیں اور اس سرمائے کا اس طرح سے ضیاع ہونا کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں ہے، لائن سٹاف محکمہ کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی تدبیر پر سختی سے عمل کرے ۔یہ بات انہوں نے دورانِ ڈیوٹی لائن پر کام کرتے ہوئے شہید ہونے والے گیپکوکے لائن مین حق نواز کی ر ہائش گاہ پراُ ن کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کی۔

اس موقع پر پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکر یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد خاں، ایس ای سیالکوٹ پرویزاقبال، واپڈا ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئر مین ولی الرحمن خاں، ریجنل جنرل سیکرٹری عبدالرزاق جٹھول و دیگر بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد زاہد سلیم اور خورشید احمد خاں شہید ہونے والے لائن مین حق نواز کے گائوں نواں پنڈ سیالکوٹ گئے اور مرحوم کے لواحقین کو25لاکھ روپے اور ایک سال کی ایڈوانس تنخواہ کے برابررقم کا چیک دیاجبکہ د یگر واجبات کی فوری ادائیگی کا اعلان بھی کیا۔

چیف ایگزیکٹونے کہا کہ کئی دہائیوں کی محنت و تجربہ اور محکمہ کے کڑوروںروپے سے ایک قابل لائن مین تیار ہوتا ہے مگر جب کوئی لائن مین اپنے فرائض کی بجا آوری کے دوران شہید ہوتا ہے تو اس سے محکمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔اس موقع پر واپڈا ہائیڈرو یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد خاں نے کہا کہ یونین اور گیپکو انتظامیہ کی بھرپور کوششوں کے باوجود لائنوں پر کام کے دوران گیپکو کے محنتی اورجفاکش کارکنوں کی شہادت اُن کے بیوی بچوں اورمحکمہ کیلئے ایسا صدمہ ہے جس کا ازالہ کسی صورت ممکن نہیں۔انہوں نے مرحومین کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دُعا بھی کی۔