عید کے دوران 52 عدالتیں کام کریں گی، سعودی وزارت انصاف

جمعہ 8 جون 2018 09:20

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) سعودی وزارت انصاف نے کہا ہے کہ عید الفطر کے دوران سرسری سماعت والے مقدمات نمٹانے کے لئے 52عدالتیں کھلی رہیں گی۔ سعودی اخبار کے مطابق ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزرت انصاف کے سربراہ شیخ ڈاکٹر ولید الصمعانی نے بتایا کہ سرسری عدالت کے تقاضے پورے کرنے کے لئے 59 ججوں کا انتخاب کر لیا۔

(جاری ہے)

عید کے دوران ریاض، مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، دمام، جدہ ، ابھاء، بریدہ، باحہ، حائل ، الاحسا، جازان ، تبوک، نجران، سکاکا ، طائف، خمیس مشیط اور الخرج میں فوجداری کے مقدمات نمٹانے کے لئے 17عدالتیں مختص کی گئی ہیں جبکہ الزلفی ، حوطی بنی تمیم ، الافلاج، شکرہ،المجمع، القویہ، وادی الدواسر ، عفیف، دوادمی، قنفذہ ، اللیث، ینبع، بیشہ ، بلقرن، تثلیث ، عنیزہ، الرس، حفرالباطن ، ضباء ، عرعر، رفحا ، القریات اور محایل عسیر میں 23 جنرل کورٹس عدالتی عمل انجام دیں گی۔

وزارت انصاف نے 12شہروں میں عدالتی فیصلے نافذ کرانے کے لئے 12ایگزیکٹو عدالتوں کا انتخاب بھی کیا ہے۔ وزارت انصاف نے 8،9 شوال کے لئے مقرر مقدمات کی نئی تاریخیں حاصل کرنے کی ہدایت بھی دیدی ہے۔ واضح رہے کہ دوران تعطیلات یہ عدالتیں صبح 8بجے سے دوپہر 12بجے تک کام کریں گی۔