تہران میں مشترکہ ایٹمی کمیشن کے ماہرین کا اجلاس

جمعہ 8 جون 2018 09:40

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) ایران اور گروپ چار جمع ایک کے مشترکہ ایٹمی کمیشن کے ماہرین کا اجلاس تہران میں شروع ہو گیا۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایٹمی معاہدہ طے پانے کے بعد تہران میں مشترکہ کمیشن کے ماہرین کا یہ پہلا اجلاس ہے۔ایران اور گروپ چار جمع ایک کے ماہرین کا ایک اجلاس دو ہفتے قبل اور ویانا میں ان ممالک کے نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر تشکیل پانے والے اجلاس سے قبلہوا تھا۔

اس قسم کے اجلاسوں کا مقصد امریکہ کے بغیر ایٹمی معاہدے کو اس طرح سے جاری رکھنا ہے کہ ایٹمی معاہدے کے دیگر فریق ملکوں کی جانب سے ایران کے اقتصادی مفادات کی ضمانت فراہم کی جا سکے۔دریں اثناء جوہری توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل نمائندے محمد رضا نجفی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کی بقا ایران کے مفادات کی ضمانت فراہم کئے جانے سے مشروط ہے۔

(جاری ہے)

آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ اگر ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنا ہے تو پھر اس معاہدے میں شامل ملکوں کو ایران کے مفادات کی تکمیل کی غیر مشروط ضمانت فراہم کرنا ہو گی۔محمد رضا نجفی نے کہا کہ ایٹمی معاہدہ چند جانبہ معاہدہ ہے جس کے تحت تمام فریق ایک دوسرے کی نسبت اپنے وعدوں اور عہد و پیمان پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے میں کسی بھی قسم کی توسیع، تبدیلی اور یا دوبارہ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔