پہلی کلاسک فٹ بال لیگ سے قومی ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملے گا ،شاہدکھوکھر

جمعہ 8 جون 2018 11:34

لاہور۔8جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) پی ایف ایف شعبہ لیگ ڈویلپمنٹ و میڈیا کے سربراہ اور کلاسک لیگ کے ڈائریکٹر شاہد کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں سال کی آخری سہ ماہی میں ہونے والی پہلی کلاسک فٹ بال لیگ ملک میں فٹ بال کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کرے گی اور قومی فٹ بال ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملے گا ۔اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ لیگ کے، مقابلے کراچی یا لاہور میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنیں گے، پی ایف ایف اور سٹرابری سپورٹس منیجمنٹ کے اشتراک سے ہونے والے ٹورنامنٹ کی فرنچائز ٹیموں میں پاکستان کے بہترین ٹیلنٹ کیساتھ انٹرنیشنل کھلاڑی بھی شامل ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کلاسک لیگ کیلئے قومی فٹبالرز کی ابتدائی فہرست مرتب کی جاچکی ہے جبکہ پی ایف ایف کے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کیساتھ رابطے جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر کمپیٹیشن پی ایف ایف سجاد محمود نے کہا کہ سی ایف ایل میں مقابلے کی فضا پیدا ہونے سے پاکستان پریمیئر لیگ اور بی ڈویژن فٹبال کیساتھ ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے ہمیں مزید ایک ایونٹ میسر آجائے گا۔

چیئرمین کلاسک فٹبال لیگ حیدر علی دائود خان نے کہا کہ پی ایف ایل سے کھلاڑی،آفیشلز اور ملکی فٹبال سب بہتری کی جانب سفر شروع کرینگے۔انہوں نے بتایا کہ پلاٹینم کیٹگری میں انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے کھلاڑی شامل ہونگے، ملکی سطح پرکھیلنے والے ڈائمنڈ اور موقع ملنے کے منتظر گولڈ کیٹیگری میں شامل کئے جائیں گے،ایونٹ میں ملک کے مختلف خطوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کم ازکم 5ٹیمیں شریک ہونگی۔انہوں نے کہا کہ پی ایف ایف ملک میں فٹ بال کے کھیل کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ۔