مکی آرتھر نے پاکستانیوں کا دل جیت لیا، بڑی خوشخبری ملنے کا امکان

غیرملکی کوچنگ سٹاف کی بدولت کرکٹرز کا ڈسپلن بہت بہتر ہوگیا، نجم سیٹھی

جمعہ 8 جون 2018 11:55

مکی آرتھر نے پاکستانیوں کا دل جیت لیا، بڑی خوشخبری ملنے کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 جون 2018 ئ) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی اننگزطویل ہونے کی توقع ظاہر کر دی گئی ہے ۔برطانوی کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ معاہدہ ورلڈ کپ 2019 ءتک کا ہے اور اس میں توسیع کا فیصلہ فریقین کو مل کر ہی کرنا ہوگا، میرے خیال میں غیرملکی کوچ بہترین کام کر رہے ہیں اور معاون سٹاف بھی اپنا کردار کر رہا ہے، فیلڈنگ کوچ سٹیو رکسن کو سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد جانا ہے اور ان کا خلا پہلے سے موجود آفیشلز میں سے ہی کوئی پر کرے گا یا کسی نئے کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ہیڈ کوچ کی سفارشات کو مدنظر رکھیں گے، جہاں تک آرتھر کے اپنے کنٹریکٹ کی بات ہے انھوں نے خود ہی کہا تھا کہ میں گرین شرٹس کو ورلڈ کپ تک لے کر جاﺅں گا، میرے خیال میں بھی اس کے بعد ہی اگلا فیصلہ کرنا مناسب ہو گا، پی سی بی ہیڈ کوچ کی کارکردگی سے خوش اورکھلاڑی ان کی قدر کرتے ہیں، آرتھر کے کپتان سرفراز اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ بھی بہت اچھے تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

سب کا ایک صفحے پر ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ غیرملکی کوچنگ سٹاف کی موجودگی میں قومی ٹیم کا ڈسپلن بہت بہتر ہوا، کوئی کھلاڑی 10سال میں آنے والا واحد سپر سٹار ہو تب بھی نظم و ضبط کے حوالے سے کوئی معافی نہیں مل سکتی۔انھوں نے کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ رکھنے والے قومی کرکٹرز کو پی ایس ایل کے سوا2 لیگز میں شرکت کی اجازت ہے،کچھ خصوصی معاملات میں حتمی فیصلے کا اختیار ہیڈ کوچ کے سپرد کرنے کا مقصد یہی ہے کہ اگر کسی کھلاڑی کے فٹنس مسائل پیدا ہونے یا معمولی انجری میں اضافے کا خدشہ ہو تو وہ اس کو روک سکے۔