کشمیری حریت رہنما آسیہ اندرابی اور ساتھی رہنمائوںکے پولیس ریمانڈ میں 21 جون تک کی توسیع

جمعہ 8 جون 2018 12:29

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںدختران ملت نے پارٹی سربراہ آسیہ اندرابی اور دیگر رہنمائوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کے پولیس ریمانڈ میں 21 جون تک توسیع کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی ترجمان رفعت فاطمہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ پولیس نے آسیہ اندرابی کو ساتھی رہنمائوں سمیت عدالت میں پیش کرنے کیلئے رام باغ پولیس اسٹیشن سے اسلام آباد منتقل کیا۔

عدالت نے پہلے ہی تینوںرہنمائوں کو 9 جون تک پولیس کی حراست میں دے رکھا تھا اور اس موقع پر ان کے پولیس ریمانڈ میں 21 جون تک توسیع کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی دل اور دمہ کے عارضہ میں مبتلا ہے اور اس لئے انکی مسلسل نظربندی انکی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے علیل خواتین کی جھوٹے مقدمات میں مسلسل نظربندی کو ظلم و بربریت کی انتہا قراردیا۔

رفعت فاطمہ نے کہا کہ دختران ک سربراہ اور اراکین کو دانستہ طورپر نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پارٹی قیادت غیر قانونی طورپرنظربند ہے جبکہ ممبران کے کنبوں کو روزانہ ہراساں کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ دختران ملت کے خلاف اعلان جنگ کر دیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہمارے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ۔