سویڈن ،سٹاک ہوم ازبک ٹرک حملہ آور کو کے واحد مجرم کو عمر قید کی سزا

ملزم معاشرے کے لیے خطرہ ہے،عدالت کا فیصلہ/فیصلے پر افسوس،اپیل کا فیصلہ بعد میںکریں گے،وکیل دفاع

جمعہ جون 12:29

سٹاک ہوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون2018ء) سویڈن کی ایک عدالت کی جانب سے اسٹاک ہوم میں چرائے گئے ایک ٹرک کو عام افراد پر چڑھانے کے جرم میں ایک ازبک شہری کو عمر قید سنا دی گئی ۔ اس واقعے میں پانچ افراد ہلاک جب کہ دیگر 14 زخمی ہو گئے تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق40 سالہ مجرم عقیلوف کی بابت جج راگنر پالمکوست نے کہا کہ اس حملے میں ملوث یہ واحد ملزم تھا۔

وکیل استغاثہ ہانس اہرمان مقدمے کی سماعت کے دوران اسٹاک ہوم کی ضلعی عدالت میں کہا تھا کہ ملزم معاشرے کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے ملزم کو سنائی گئی سزا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جب کہ دوسری جانب وکیل صفائی ڑوہان ایرکسن کے مطابق ان کے موکل کو اس فیصلے پر افسوس ہے۔وکیل صفائی نے کہا کہ وہ اس عدالتی حکم نامے پر اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ اس 145 صفحاتی حکم کو پڑھنے کے بعد کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس مقدمے میں وکیل استغاثہ نے ملزم کے لیے عمر قید کی سزا کا مطالبہ کیا تھا جب کہ وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ملزم نے تفتیش میں تعاون کیا ہے اس لیے اسے سزا دیتے ہوئے نرمی برتی جائے۔۔عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اسی حوالے سے کہا کہ عقیلوف کی جانب سے تفتیش میں تعاون اور اقبال جرم اس کے لیے عمر قید کی سزا پر اثرانداز نہیں ہو سکتے۔

یہ بات اہم ہے کہ سویڈن میں عمر قید سب سے بڑی سزا ہے، جو عمومی حالات میں قریب 18 برس قید کے برابر ہوتی ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سزا کی مدت پوری ہونے پر عقیلوف کو ملک بدر کر دیا جائے اور اس کبھی دوبارہ سویڈن نہ آنے دیا جائے۔سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں گزشتہ برس سات اپریل کو ازبک شہری رحمت عقیلوف نے چرانے کے بعد ایک ٹرک کو عام شہریوں پر چڑھا دیا تھا۔

رواں برس جنوری میں عقیلوف پر دہشت گردی اور اقدام قتل کا الزامات عائد کیے گئے تھے۔ عقیلوف نے عدالت میں اعتراف کیا تھا کہ اس نے یہ حملہ عراق اور شام میں متحرک ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف امریکی قیادت میں بین الاقوامی اتحاد کا حصہ بننے پر سویڈن کو سزا دینے کے لیے کیا تھا۔ اس واقعے میں ایک برطانوی مرد، ایک بیلجیئن خاتون اور تین سویڈش شہری مارے گئے تھے، جن میں ایک گیارہ سالہ بچی بھی شامل تھی۔