پی سی بی کی انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کےلئے کیویز پر نگاہیں مرکوز

آئی سی سی کی نامزد کردہ کمپنی سکیورٹی حالات کا جائزہ لینے آئے گی: چیئرمین پی سی بی

جمعہ جون 12:26

پی سی بی کی انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کےلئے کیویز پر نگاہیں مرکوز
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 جون 2018 ئ) انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا عمل تیز کرنے کے لیے پی سی بی نے اب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پر نگاہیں مرکوز کر لی ہیں۔ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہاکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا سفر بتدریج جاری ہے،ہم راتوں رات کسی بہت بڑے قدم کی توقع نہیں کر سکتے تاہم درست ٹریک پر ہیں۔چیئر مین پی سی بی نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کے ساتھ ان کی حوصلہ افزا بات چیت ہوئی لیکن بہت سارے معاملات کو ذہن میں رکھنا پڑتا ہے، فوچر ٹور پرو گرام (ایف ٹی پی )میں فی الحال دونوں ٹیموں کے لیے باہمی مقابلوں کی کوئی گنجائش ہی نظر نہیں آرہی، اس صورتحال میں مناسب ترین پالیسی یہی ہے کہ متحدہ عر ب امارات یا ملائیشیا میں ہم سے ہوم سیریز کھیلنے کے لیے آنے والی ٹیموں کو 2یا 3 میچز کھیلنے کیلئے پاکستان بلائیں، ایک ایک کرکے انٹر نیشنل ٹیموں کی پاکستان آمد ہو گئی تو دوسروں کو بھی قائل کرنا آسان ہوتا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پاکستان کی اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز ہیں۔ ان میں سے کیویز سے پاکستان آنے کے لیے درخواست کی ہے، انھوں نے حوصلہ افزا ءجواب بھی دیا البتہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو مکمل مطمئن کرنا ہو گا، آئی سی سی کی نامزد کردہ ایسٹرن سٹار کمپنی پاکستان میں سکیورٹی حالات کا جائزہ لینے کے لیے آئے گی،ہماری طرف سے ہر ممکن کوشش جاری ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے چند میچز کھیل لیے تو آسٹریلیا کو بلانے کے لیے بھی کیس مضبوط ہو جائے گا، اس کے بعد ہم انگلینڈ سے بھی زیادہ پر اعتماد انداز میں بات کر سکیں گے،،پی ایس ایل کا معاملہ بھی اسی طرح کا ہی ہے، امید ہے کہ فرنچائزز پوری کوشش کریں گی کہ کھلاڑیوں کیساتھ معاہدے کرتے ہوئے انھیں پاکستان میں کھیلنے کے لیے بھی ذہنی طور پر تیار کریں۔