ہزارہ میں ناروا لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار ہزارہ کے سابق ممبران اسمبلی ہیں، پیسکو انتظامیہ کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔جمیل اختر تنولی

جمعہ 8 جون 2018 12:37

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) واپڈ ا ہائیڈروالیکٹرک لیبر یونین کے چیئرمین جمیل اختر تنولی نے کہا ہے کہ ہزارہ میں ناروا لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار ہزارہ کے سابق ممبران اسمبلی ہیں، پیسکو انتظامیہ کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ ریجنل کنٹرول اینڈ کمانڈ والے برہان یا ہری پور گرڈ سے بجلی بند کرتے ہیں جس سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

جمعہ کو یہاں ’’اے پی پی ‘‘ سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ بالڈھیر گرڈسٹیشن سابق ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید عباسی نے واپڈایونین کی کوششوں سے منظور کراوایا تھا لیکن وہ بھی ا بھی تک مکمل نہیں ہو سکا۔ آج اگر ہزارہ الیکٹرک کمپنی بنا دی ہوتی تو یہ مسائل نہ دیکھنے پڑتے ،لوڈ شیڈنگ کا کوٹہ اپنا ہوتا۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ حویلیاں کے موقع پر جب وہ احتجاجی بینر لے کر کھڑے ہوئے تو سٹیج پر بیٹھے ہزارہ کے کسی بھی عوامی نمائندے نے ان کا ساتھ دیا ہوتا تو وزیر اعظم ہزارہ کمپنی کا اعلان کرکے جاتے۔

(جاری ہے)

جمیل تنولی نے کہا کہ ہزارہ کے عوام غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس مرتبہ قوم برادری اور پارٹیوں سے بالاتر ہو کر ان لوگوں کو ووٹ دیں جو لوڈ شیڈنگ جیسے سنگین مسئلے کا حل لے کر آئیں۔انہوںنے کہا کہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر واپڈا کے خلاف احتجاج بلاجواز ہے،لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار عوامی نمائندے ہیں ۔