افغانستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک رنز سے شکست دے دی ،ْ سیریز 3-0سے اپنے نام کرلی

بنگال ٹائیگرز کی جانب سے مشفق الرحیم 46 اور محمد اللہ 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ،ْراشد خان کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا

جمعہ 8 جون 2018 13:03

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) افغانستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک رنز سے شکست دے دی جس کے بعد سیریز بھی 0-3 سے اپنے نام کرلی۔تفصیلات کے مطابق افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے جس کے جواب میں بنگال ٹائیگرز 6 وکٹوں پر 144 رنز بناسکے۔

افغانستان کی جانب سے نپی تلی بولنگ کرائی گئی اور جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین بنگلادیشی بلے باز رنز آؤٹ ہوئے۔ بلیو کیپس کے مجیب الرحمان، کریم جنت اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔بنگلادیش کے اوپننگ بلے باز لٹن داس 12 اور تمیم اقبال 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز سومیا سرکار بھی 15 رنز بنا کر رنز آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

بنگال ٹائیگرز کی جانب سے مشفق الرحیم 46 اور محمد اللہ 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اس سے قبل افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 145 رنز بنائے جس میں محمد شہزاد کے 26 رنز اور سمیع اللہ شنواری کی ناقابل شکست 33 رنز کی اننگز نمایاں ہے۔دیگر افغان بلے بازوں میں عثمان غنی 19، اصغر استنکزئی 27، محمد نبی 3، نجیب زدران 15اور شفیق اللہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر راشد خان کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا جب کہ بنگلادیش کے مشفق الرحیم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

متعلقہ عنوان :